دھونی پونے کی قیادت کی ذمہ داری سے دستبردار ،ا سمتھ نئے کپتان

نئی دہلی، 19 فروری (یو این آئی) ہندوستانی محدود اوورز کی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے آئی پی ایل کے 10 ویں ایڈیشن کی نیلامی کی شام رائزنگ پنے سپرجائنٹس کی کپتانی بھی چھوڑ دی۔ان کی جگہ اب آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کو پنے کا نیا کپتان بنایا گیا ہے ۔رائزنگ پنے سپرجائنٹس ٹیم کے مالک سنجیو گوینکا نے اتوار کو اس کی اطلاع دی۔گوینکا نے کہا کہ دھونی کے کپتانی سے استعفی دینے کے بعدا سمتھ کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے اور امید ہے کہ اسمتھ اپنے موثر تجربے سے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے ۔گوئنکا نے کہاکہ میرے دل میں دھونی کے تئیں اب بھی بہت احترام ہے ۔وہ ہماری ٹیم کا ایک اہم حصہ ہیں اور آگے بھی رہیں گے ۔دھونی آگے بھی ٹیم کے مفاد میں فیصلے لینا جاری رکھیں گے ۔دھونی نے گزشتہ دو ماہ کے اندر یہ دوسرا افسوسناک فیصلہ کیا ہے ۔دھونی نے انگلینڈ کے خلاف جنوری میں ون ڈے سیریز شروع ہونے سے پہلے محدود اوورز کی کپتانی چھوڑ دی تھی اور اب آئی پی ایل 10 کی نیلامی سے ایک دن پہلے انہوں نے سپرجائنٹس کی کپتانی سے استعفی دے کر سب کو چونکا دیا۔آئی پی ایل 10 کے لئے نیلامی 20 فروری کو بنگلور میں ہوگی۔