رنبیر کپور نے 13 کلو وزن بڑھا لیا

ممبئی ۔5فروری(ےواین این )بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کے 13 کلو وزن بڑھانے کی خبروں نے ان کے مداحوں کو خاصہ حیران کردیا، تاہم اس کی اصل وجہ ان کی سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ہے۔ رنبیر کپور نے سنجے دت کی طرح نظر آنے کے لیے اپنا 13 کلو وزن بڑھالیا ہے،سنجے دت کی سوانح حیات میں رنبیر کپور ان کی زندگی کے تین پہلووں میں نظر آئیں گے۔بولی وڈ اداکار کے فٹنس ٹرینر کے مطابق رنبیر کپور نے اس فلم میں 13 کلو سے زیادہ وزن بڑھایا ہے، لیکن یہ چربی نہیں، وہ سنجے دت جیسی باڈی بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس فلم کے لیے روزانہ جِم میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک ورک آوٹ کرتے ہیں۔سنجے دت کی زندگی پر بننے والی اس فلم میں رنبیر کپور کے علاوہ وکی کوشل، دیا مرزا اور پریش راول اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔قیاس آرائیاں ہیں کہ فلم میں اداکارہ سونم کپور بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔واضح رہے کہ رنبیر کپور اور سونم کپور نے ایک ساتھ بولی وڈ میں فلم ”سانوریا“ کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا، جو 2007 میں ریلیز ہوئی، اس کے بعد یہ دونوں اداکار ایک ساتھ کسی فلم میں نظر نہیں آئے۔سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم کا اب تک کوئی نام سامنے نہیں آیا تاہم اس کی شوٹنگ کا آغاز جنوری میں کردیا گیا ہے۔