ششی کلا نے عدالت میں کی خودسپردگی

بنگلور، 15 فروری (یو این آئی) آمدنی سے زائداملاک رکھنے کے معاملے میں سپریم کورٹ کی طرف سے مجرم قرار دی گئی اے آئی ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا نے آج یہاں خصوصی عدالت کے سامنے خودسپردگی کردی۔خصوصی عدالت کے جج اشوت ناراینا کے سامنے محترمہ ششی کلا کے ساتھ ہی معاملے میں دوسرے مجرم سدھاکر اور الاورس نے بھی خودسپردگی کردی ہے ۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے صحت کی بنیاد پر چار ہفتے کا وقت مانگے جانے سے متعلق محترمہ ششی کلا کی درخواست آج مسترد کر دی اور ان کو کل کے فیصلے کے مطابق پہلے خودسپردگی کرنے کی ہدایت دی۔پولیس نے مکمل سیکورٹی کے نظام برقرار رکھنے کیلئے چاق و چوبندانتظام کئے ہیں۔ پارپپنا اگرھارا واقع سنٹرل جیل تک ایک کلومیٹر کے دائرے میں دفعہ 144 کے تحت حکم امتناعی کا نفاذ کیا گیا ہے ۔ حکم امتناعی والے علاقے میں لوگوں کو داخل ہونے سے روکنے کے لئے سڑکوں پربیریکیڈ لگائے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے کہا، “محترمہ ششی کلا کو ‘Z’ سیکورٹی کا تحفظ حاصل نہیں ہے ۔ ہم کوئی خطرہ نہیں لینا چاہتے اور جیل پہنچنے تک راستے میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ” قابل ذکر ہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب محترمہ ششی کلا سمیت دو دیگر کو بنگلور سنٹرل جیل میں رکھا جائے گا۔ اس سے قبل سال 2014 میں ریاست کی سابق وزیر اعلی جے جے للتا کے ساتھ یہ تمام افراد21 دنوں تک جیل میں قید رہے ہیں۔ بعد میں وہ ضمانت پر رہا کر دیے گئے تھے ۔