صحت خدمات کے فروغ کیلئے حکومتیں کوشاں : کووند

پٹنہ، 17 فروری (طارق حسن)۔ریاستی اور مرکزی حکومت دونوں صحت خدمات کے فروغ کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔بہار میں بھی دیہی اور بلاک سطح پر بنیادی صحت مراکز اور ضلع ہیڈ کوارٹر کے اسپتالوں میں صحت خدمات کے فروغ اور مفت دوا تقسیم کے کام کئے جا رہے ہیں۔ریاست کے مختلف اسپتالوں کو سپر اسپیشلٹی اسپتال کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار گورنر رام ناتھ کووند نے مقامی ہوٹل موریہ کے آڈیٹوریم میں انڈین ایپی لیپسی ایسوسی ایشن کے ذریعہ منعقد ایک قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ پٹنہ ایمس، آئی جی آئی ایم ایس، پی ایم سی ایچ وغیرہ کو بھی ہمہ جہت دینے کے لئے مسلسل کوشش ہو رہی ہے، تاکہ ناقابل علاج بیماریوں کے علاج کے لئے بہار کے باشندوں کو ریاست سے باہر نہیں جانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ صحتخدمات کے فروغ کیلئے نجی شعبے میں بھی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ پرائیویٹ اسپتالوں کو بھی کم خرچ پر بہتر طبی خدمات دستیاب کرانی چاہئے۔ محروم طبقے کے مریضوں یا بی پی ایل فہرست میں درج خاندانوں کے مریضوں کے لئے پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی کافی کم خرچ پر طبی سہولت دستیاب ہونی چاہئے۔گورنر نے کہا کہ طب ایک ایسا حلقہ ہے، جس میں ایسے مسلسل تحقیقی کاموں کی ضرورت ہے جو عوامی فلاحی ہونے کے ساتھ ساتھ کم خرچ پر بھی مبنی طبی طریقہ کار تیار کرنے میں مددگار ہوں۔انہوں نے کہا کہ عملی طور پر ’مرگی‘ بیماری پر مبنی اس کانفرنس میں بھی یہ غور وخوض ہونا چاہئے کہ اس بیماری سے متعلق عوامی بیداری کے فروغ کے ساتھ ساتھ، اس کے کنٹرول کیلئے بہتر طبی انتظامات کس طرح یقینی کئے جائیں۔ کسی بھی بیماری کی تشخیص کیلئے طبی خدمات جب تک معاشرے میں آخری پائیدان پر کھڑے غریب شخص تک نہیں پہنچ جاتی، ہمیں اطمینان سے نہیں بیٹھنا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کانفرنس مرگی کے مرض سے نجات کی سمت میں ایک قابل قدر کوشش کے طور پر یاد کی جائے گی۔ کانفرنس کو انڈین ایپی لیپسی سوسائٹی کی قومی صدر ڈاکٹر بی بی ناڈکرنی، انڈین ایپی لیپسی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ستیش جین، سوسائٹی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منموہن مہدی رتاوغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ استقبالیہ تقریر انتظامیہ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر گوپال پرساد سنہا اور ہدیہ تشکر ڈاکٹر اشوک کمار نے کیا۔اس موقع پر مختلف ممالک اور ملک کے مختلف صوبوں سے آئے معروف ڈاکٹروں سمیت آئی جی آئی ایم ایس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر این آر وشواس اور ڈاکٹر اے اگروال وغیرہ بھی موجود تھے۔پروگرام میں گورنر نے ادارے کے جرنل اور کتابچہ کا بھی اجراکیا۔