فلم’عامی‘ کے پروڈیوسرز ودیا بالن کیخلاف قانونی چارہ جوئی

ممبئی ،19فروری(پی ایس آئی)ودیا بالن کی جانب سے کملا داس کی بائیوپک ’عامی‘ میں کام سے انکار کے بعد فلم کے پروڈیوسرز اداکارہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے فلم کے ڈائریکٹر کمال نے کہا کہ ودیا بالن کے اس اقدام سے پروڈیوسرز کو اپنی ہتک کا احساس ہوا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے انہیں فلم کے کاروبار میں نیچا دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔میرے پروڈیوسر کاروباری لوگ ہیں اور وہ فلم کو بھی کاروبار کی نظر سے ہی دیکھتے ہیں،ودیا بالن کے اچانک انکار سے انہیں کافی مالی نقصان کا سامنا ہوا ہے، اداکارہ کے اس اقدام سے ہونے والے نقصان کے باعث ہمیں اپنے پروجیکٹ کیلئے نئے سرے سے مارکیٹ کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا۔اگرچہ فلم کے پروڈیوسرز قانونی کارروائی کیلئے کافی سنجیدہ ہیں تاہم کمال نے کہا کہ وہ انہیں اس سے باز رکھنے کی کوشش کررہے ہیں، اس سے کیا فائدہ ہوگا،جو ہوگیا سو ہوگیا۔ ہم نے ودیا بالن کا بہترین متبادل تلاش کرلیا ہے،اب وقت ہے کہ ہم آگے بڑھ جائیں۔بہرکیف پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ یہ ان کی شہرت کا مسئلہ ہے۔فلم کے ڈائریکٹر پروجیکٹ سے ودیا کے نکل جانے کو بھولنے کیلئے تیار ہیں۔ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم نے منجو واریئر کو کملا داس کے کردار کیلئے سائن کرلیا ہے۔، وہ ملیالم ہیں کملا داس کی طرح اور کردار کی ادائیگی کیلئے بہت فوکس ہیں، انہوں نے بڑا نام کمایا ہے اور اب طویل وقفہ کے بعد واپس آرہی ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ انہوں نے ہماری فلم کیلئے حامی بھرلی ہے،ہم مارچ میں فلم کی شوٹنگ شروع کریں گے۔امید ہے کہ آئندہ مزید کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔