وزڈن کے کور پر ’وراٹ‘

نئی دہلی، 04 فروری (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اورا سٹار بلے باز وراٹ کوہلی کے نام ایک اور کامیابی ریکارڈ ہو گئی ہے جب انہیں کرکٹ کی بائبل کہی جانے والی وزڈن کرکٹرز کے کور پیج پر جگہ دی گئی۔دنیا کی سب سے مضبوط ٹیموں میں ایک ہندستان کیلئے تینوں فارمیٹس میں کامیاب کپتانی کر رہے وراٹ کیلئے یہ یقینی ہی بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے کہ انہیں اس سال کے وزڈن ورژن کے کور پیج پر جگہ ملی ہے ۔حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف تینوں فارمیٹس میں انہوں نے ہندستان کو سیریز میں جیت دلائی ہے ۔وراٹ نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہندستان کو 4۔0 سے جیت دلائی اور دو سنچری بنائیں ۔انہوں نے ممبئی ٹیسٹ میں 235 رنز کی ڈبل اور اپنے کیریئر کی بہترین اننگز بھی کھیلی۔وزڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ کے مطابق وراٹ نے گزشتہ چند برسوں میں کھیل کو ایک انقلابی سطح پر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔اس کور پیج پر وراٹ ریورس سویپ شاٹ کھیلتے دکھائی دے رہے ہیں۔بوتھ نے کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ وراٹ ایک نئے زمانے کے کرکٹر ہیں۔ہمیں لگا کہ اب وقت آ گیا ہے جب اس کے کور پیج پر کچھ غیر روایتی تجربات کئے جائیں۔زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ وزڈن پرانے اور روایتی کرکٹ کی ہی عکاسی کرتا ہے لیکن کرکٹ اب تبدیل ہورہا ہے اور اسے دکھانے کے لیے وراٹ صحیح شخص ہیں۔وراٹ ایشیائی نژاد کے محض تیسرے کرکٹر ہیں جنہیں وزڈن کے پچھلے چار ورژن میں کور پیج پر جگہ ملی ہے ۔اس سے پہلے سال 2014 میں ریٹائرمنٹ کے بعد سچن تندولکر کو وزڈن کے کور پر جگہ ملی تھی۔وہیں سال 2015 میں انگلینڈ کے معین علی کو کور پیج پر جگہ ملی تھی۔بوتھ نے کہا نے کہ وراٹ کو حال ہی میں ان کو انگلینڈ کے خلاف مظاہرہ کے لئے پرستار یاد رکھیں گے ۔وہ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں اپنی دھاک رکھنے والے اسٹیو اسمتھ، جو روٹ، کین ولیمسن اور اے بی ڈی ویلیئرز جیسے کرکٹرز کے زمرے میں ہیں۔تاہم وراٹ کو ان تمام کامیابیوں کے باوجود وزڈن کے پانچ بہترین کرکٹر آف دی ایئر کے لئے منتخب نہیں کیا گیا ہے ۔یہ اعزاز وزڈن کی جانب سے کئی برسوں سے ان کرکٹرز کو دیا جا رہا ہے۔
جو انگلش سیزن میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔لیکن وراٹ کا انگلینڈ میں مجموعی ریکارڈ ابھی کچھ خاص نہیں رہا ہے ۔وراٹ نے 2014 میں انگلینڈ کی زمین پر چار ٹیسٹ کھیلے تھے جس میں انہوں نے پانچ اننگز میں 13.40 کی اوسط سے 134 رنز بنائے تھے ۔یہ سیریز انگلینڈ نے 3۔1 سے جیتی تھی۔
ہندستان کا انگلینڈ میں اگلا دورہ 2018 میں ہیں جہاں وراٹ سے سب سے زیادہ امیدیں رہیں گی جن کے کھیل میں گزشتہ کچھ وقت میں ناقابل یقین بہتری آئی ہے ۔سال 2017 کا وزڈن سیزن اپریل میں انگلش سیزن شروع ہونے کے وقت شائع ہوگا ۔