پٹنہ کے جوہری کے کئی ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کا چھاپہ

پٹنہ، 22 فروری (یو این آئی) انکم ٹیکس محکمہ کی ٹیم نے آج پٹنہ کے ایک مشہور جوہری کے کئی ٹھکانوں پر بیک وقت چھاپے مارے ہیں ۔محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع نے یہاں بتایا ہے کہ زیورات کے بیوپاری کے گھر اور دوکانوں پر انکم ٹیکس کی علیحدہ علیحدہ ٹیمیں ایک ساتھ چھاپے مار رہی ہیں حالانکہ افسران اس ضمن میں کوئی تفصیل بتانے سے انکار کررہے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ جوہری کی پٹنہ میں کئی دوکانیں ہیں محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم کے ساتھ زیورات کی قیمت کا تعین کرنے والی ٹیم کو بھی بلایا گیا ہے ۔ جوہری نے نوٹ بندی کے بعد کروڑوں روپے کے پرانے نوٹ مختلف بنکوں میں جمع کرائے تھے ۔ سمجھاجاتا ہے کہ نوٹ بندی کے بعد بڑے پیمانے پر روپے جمع کرانے کی وجہ سے انکم ٹیکس محکمہ کی بہار میں اب تک کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے ۔