ڈیوس کپ :رام کمارنے بھارت کو دو سرے راﺅنڈ میں پہنچایا

پونے ، 05 فروری (یواین آئی) رام کمار رامناتھن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے فن ٹیرن¸ کو مسلسل سیٹوں میں اتوار کو سات۔ پانچ، چھ ۔ایک اور چھ ۔صفر سے شکست دے کر ہندوستان کو تین ۔ایک کی ناقابل تسخیر برتری دلاتے ہوئے ڈیوس کپ ایشیا اوسنیا زون گروپ ایک کے دوسرے را¶نڈ میں پہنچا دیا۔
ہندوستان نے پہلے دن جمعہ کے روز دونوں سنگلز میچ جیتے تھے لیکن ہفتہ کو نیوزی لینڈ نے ڈبلز میچ جیت کر ہندوستان کو حیرت زدہ کیا تھا۔ لیکن آج تمل ناڈو کے 22 سالہ نوجوان کھلاڑی نے ملک کو مایوس نہیں کیا اور ٹیرن¸ کو کوئی بھی موقع نہیں دیا۔ رامکمار نے پہلا سیٹ سات ۔پانچ سے جیتنے کے بعد اگلے دو سیٹ کے 12 گیم میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کو محض ایک گیم جیتنے کا موقع دیا۔ رامکمار کے جیتنے کے ساتھ ہی غیر سیڈ کھلاڑی کپتان آنندامرت راج اور تمام ساتھی کھلاڑی خوشی سے اچھل پڑے کیونکہ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان دوسرے دور میں داخل ہو گیا ہے ۔ہندوستان کا دوسرے دور میں ازبکستان کے ساتھ مقابلہ ہوگا جس نے جنوبی کوریا کے خلاف مقابلہ تین ۔ایک کے فرق سے جیت لیا۔ رامکمار نے اپنے پہلے میچ میں جوس اسٹیتھم کو چھ۔تین، چھ۔چار، چھ۔تین سے ہرایا تھا اور انہوں نے جیت کے اس سلسلے کو سنگلز میں بھی برقرار رکھا۔ نوجوان کھلاڑی نے پہلے گیم میں شاندار آغاز کرتے ہوئے 0-40 کی برتری حاصل کی اور اس کھیل کو جیت لیا۔ پہلے چار گیمس تک دونوں کھلاڑی 2-2 کی برابری پر تھے ۔پانچویں گیم میں رامکمار کے ڈبل فالٹ سے فن کے پاس تین بریک پوائنٹس آ گئے تھے لیکن ہندوستانی کھلاڑی نے شاندارطریقے سے اپنی سروس بچا ئی۔ فن نے بھی چھٹے گیم میں سروس قائم رکھتے ہوئے اسکور 3-3 کر دیا۔ رامکمار نے اس سیٹ میں اسکور چھ۔پانچ پہنچا کر اس کو سات ۔پانچ سے جیتا۔ رامکمار نے 12 ویں گیم میں فن کے ڈبل فالٹ کا فائدہ اٹھا کر سروس بریک حاصل کر لیا۔
ہندوستانی کھلاڑی نے دوسرے سیٹ میں ابتدائی بریک حاصل کرنے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ رامکمار نے تیسرے گیم میں بریک حاصل کیا اور پھر مسلسل 11 گیم جیتتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ہندوستان نے اس طرح نیوزی لینڈ سے مسلسل چھٹا مقابلہ جیت لیا۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک کھیلے گئے نو مقابلوں میں ہندوستان نے 1978 سے اب تک مسلسل چھ مقابلے جیتے ہیں۔ ہندوستان نے نیوزی لینڈ سے ہارڈ کورٹ پر کھیلے گئے چاروں مقابلے جیتے ہیں۔