ہماری ترقی اور لگن کا سب اعتراف کرتے ہیں :ممتا بنرجی

کلکتہ17فروری (یو این آئی)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج بنگال کی ترقی کو” اپنی لگن اورمحنت کا اعتراف ”قررار دیتے ہوئے کہا کہ بنگال تیزی سے ترقی کررہا ہے اور یہ ہماری خودسپردگی، محنت اور ہماری لگن کا نتیجہ ہے ۔ہریش پارک میں پمپنگ پاور اسٹیشن کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ جولوگ ماضی میں اقتدار میں تھے اور انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا ۔آج وہ ہمیں لیکچر دے رہے ہیں ۔ہمیں پچھلی حکومت سے ورثے میں قرض ملا ہے جس کے بوجھ کو ہم ادا کررہے ہیں اس کے باوجود ہم عوام کیلئے کام کررہے ہیں ، سماجی و فلاحی اسکیمیں چلائی جارہی ہے ۔کنیا شری،شکھچا شری ، سبوج ساتھی اور یووا شری جیسی اسکیمیں ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ طلباءکو کتابیں ، یونیفارم ، جوتا مفت میں دیا جاتا ہے ۔ہم کلاس دسوین اور بارہویں کے طلباءکو سائیکل دے رہے ہیں ۔ہم نے حکومت کے اسپتال کے انفراسٹکچر کو بہتر کیا ہے ۔اسپتالوں میں مفت علاج کیے جاتے ہیں ۔ریاست میں 8کروڑ افراد کو کھادیہ ساتھی اسکیم کے تحت 2روپیہ کلو چاول دیا جاتا ہے ۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ 2011میں جب ہم اقتدار میں آئے تو بجلی کی فراہمی 65فیصد تھا اور آج یہ شرح بڑھ کر 90فیصد ہوگیا ہے ۔اسی طرح بچوں کی موت کی شرح 32فیصد سے گھٹ کر 26فیصد ہوگیا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ پہلے سب کہتے تھے بنگال ختم ہوگیا ہے ۔مگر اب ہرکوئی بنگال کی تعریف کررہا ہے ۔ممتا بنرجی نے اپوزیشن جماعتوں سے کہا کہ وہ سیاست ضرور کریں مگر کچھ تعمیری کاموں میں ہماری تعریف کریں اور اس میں حصہ لیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ سی پی ایم کا وقار ختم ہوگیا ہے ۔کانگریس کو دہلی پر توجہ دینی چاہیے ۔بی جے پی کو ابھی انتظار کرنا ہوگا ۔ممتا بنرجی نے نوٹ بندی کو لے کرمرکزی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کیلئے کام کرتے ہیں ۔مگر بی جے پی سرکاری ایجنسیوں کا استعمال کرکے ریاست کی ترقی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ میں نے پہلے دن سے ہی نوٹ منسوخی کی مذمت کی اور اس کو عوام کے خلاف قرار دیا بعد میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ جیسے ماہر معاشیات نے بھی ”نوٹ منسوخی کو منظم لوٹ قرار دیا”ممتا بنرجی نے کہا کہ عوام خود اپنا پیسہ بینک سے نہیں نکال پارہے ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بایاں محاذ حکومت نے صرف اقتدار کا مزہ لوٹا مگر ہم بنگال کے اچھے دن لانے کیلئے کوشش کرہے ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ہم صرف نعرہ بازی نہیں کرتے ہیں بلکہ کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کلکتہ میں ایک دن میں تین مرتبہ صفائی کی جاتی ہے ۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ میں بہترین کام کرنے والے تمام ورکروں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔آج سب یہ کہہ رہے ہیں بنگال کیا تھا اور اب کیا ہورہا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ میں اس سال امتحان میں بیٹھنے والے تمام طلباءکو مبارک باد پیش کرتی ہوں اور ان کی کامیابی کیلئے دعا کرتے ہیں ۔