06 6

اب کاپیوں کی جانچ کا عمل بھی آن لائن ہوگا: نتیش

پٹنہ 21مارچ (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ ریاست میں اب امتحانات کا پیٹرن بدلے گا۔ سوالات اور جواب کے بعد اب ایویلوویشن کا سارا عمل بھی آن لائن کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے یہ اعلان آج پٹنہ کے شری کرشن میموریل ہال میں منعقد بہار انٹرپرینیور شپ سمٹ اسٹارٹ اپ بہار 2017کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاست میں ٹاپر گھوٹالہ اور اسٹاف سلیکشن کمیشن گھوٹالے کے پیش نظر اب بہار میں امتحان کے پورے عمل کو شفاف بنایا جائے گا۔ پہلے محض سوالات اور جوابات آن لائن ہوتے تھے لیکن اب اس کے ساتھ ایویلوویشن کے عمل کو بھی آن لائن کیا جائے گا۔ اس سے نہ صرف شفافیت آئے گی بلکہ بدعنوانی پر بھی لگام لگے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار کے نوجوان کافی محنتی ہوتے ہیں اور ہر شعبے میں یہاں کے نوجوانوں نے اپنی محنت اور صلاحیت کا پرچم لہرایا ہے۔ نوجوانوں کو آگے بڑھانے کیلئے ہماری حکومت ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار کے سات عزائم میں سے پہلا عزم نوجوانوں سے متعلق ہے۔ا قتصادی حل نوجوانوں کو بل ، اس منصوبے کے پانچ حصے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بہار میں اعلیٰ تعلیم کا تناسب صرف 13 فیصد تھا ۔اعلیٰ تعلیم میں لوگوں کی عدم دلچسپی کی بڑی وجہ غریبی تھی۔ اعلیٰ تعلیم کی طرف نوجوانوں کوراغب کرنے کیلئے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ لایاگیا ہے۔ جو بھی طالب علم بارہویں کے بعد آگے کی تعلیم جاری رکھنا چاہتے ہیں انہیں چار لاکھ روپئے تک کا اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ دیاجارہا ہے۔ لیکن جن لوگوں کو اعلیٰ تعلیم میں دلچسپی نہیں ہے اور وہ روزگار تلاش کررہے ہیں ویسے 20 سے 25 سال کے نوجوانوں کو روزگار کی تلاش کیلئے دو سال تک ماہانہ ایک ہزار روپئے سیلف ہیلپ بھتہ دیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اسٹارٹ اپ پالیسی 2017 کا اجرا کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے نیرج کمار داس، آسوتوش کمار، مرتنجے کمار، شویتا سنگھ، کیرتی سمیت کئی صنعت کاروں کو انعامات سے نوازا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لگائی گئی نمائش کا بھی معائنہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں