اردو | हिन्दी | English
337 Views
Sports

وراٹ میدان میں اترنے کے لیے تیار: امیش یادو

1487849723gdkjhgjnvjfjbf
Written by Tariq Hasan

رانچی، 17 مارچ (یو این آئی) ہندوستانی تیز گیند باز امیش یادو نے کہا ہے کہ کپتان وراٹ کوہلی میدان میں اترنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور انہوں نے نیٹ پر پریکٹس بھی کی ہے ۔یادو نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے بعد پریس کانفرنس میں کہاکہ وراٹ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے نیٹ پر پریکٹس بھی کی ہے اور وہ میدان پر واپس آئیں گے ۔وراٹ کے دائیں کندھے میں کل فیلڈنگ کے دوران چوٹ لگ گئی تھی اور ان کا اسکین بھی کرایا گیا تھا۔بی سی سی آئی نے امید ظاہر کی ہے کہ وراٹ باقی ٹیسٹ میں کھیلیں گے ۔آسٹریلیا کے پہلی اننگز میں تین وکٹ لینے والے یادو نے پانچ وکٹ لینے والے لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ جڈیجہ بولنگ کے اپنے بہترین دور سے گزر رہے ہیں اور ایک اننگز میں پانچ وکٹ کئی بار لے چکے ہیں۔اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ پچ کیسی ہے ۔جڈیجہ اپنی بولنگ کو اس کے حساب سے کر لیتے ہیں۔جڈیجہ صحیح لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کر رہے ہیں اور اس کا انہیں فائدہ بھی مل رہا ہے ۔حریف ٹیم کے 20۔30 رنز زیادہ بنا لینے کے سوال پر تیز گیند باز نے کہاکہ میدان پر سنگل روکنا مشکل تھا۔ایک بار گیند فیلڈر کے پاس سے نکل جاتی تھی تو باؤنڈری پر پہنچ جاتی تھی کیونکہ آؤٹ فیلڈ تیز ہے ۔آسٹریلیا نے تقریبا پانچ سیشن میں 450 رنز بنائے ۔ ہندستان نے بھی آخری سیشن میں 100 سے اوپر رنز بنا ڈالے ۔ہمارا اب پہلا مقصد ہے کہ آسٹریلیا کے 451 رنز کو پیچھے چھوڑا جائے ۔یادو نے ساتھ ہی کہا کہ پچ میں کوءي تبدیلی نہیں آئی ہے اور یہ بلے بازی کے لیے اچھی ہے لیکن وہ چاہیں گے کہ میچ آگے بڑھنے کے ساتھ پچ کچھ بدلے ۔اپنی کارکردگی کے لئے یادو نے کہا کہ وہ اپنی بولنگ میں سخت محنت کرتے ہیں اور صحیح جگہ پر گیند ڈالتے ہیں۔زیادہ میچ کھیلنے سے ان کا اعتماد بھی بلند ہوا ہے ۔آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ جیسے بڑے بلے باز کو گیند بازی کرنے میں پریشانی کے بارے میں پوچھنے پر یادو نے کہاکہ آسٹریلوی کپتان اپنا اسٹرائک مسلسل بدلتے رہتے ہیں جس سے گیند باز کو آخری وقت تک سوچنا پڑتا ہے کہ انہیں کہاں گیند ڈالی جائے ۔

About the author

Tariq Hasan