rx 2

ٹرک نے نوجوان کو روندا، دردناک موت

رکسول (مشرقی چمپارن)، 6 مارچ (محمدحسن)۔ لچھمی پور واقع منوکامنامندرکے پاس سوموار کو سڑک حادثہ میں ایک نوجوان کی دردناک موت ہوگئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق رکسول ۔موتیہاری این ایچ۔ 727ڈی پر سوموار کو نوکا ٹولہ کے باشندہ صلاح الدین انصاری کا لڑکا اقبال احمد اپنی بائک سے رکسول آرہا تھا۔ اسی دوران رکسول سے موتیہاری کی طرف جارہے ایک ٹرک سے اسے روند دیا جس سے جائے حادثہ پر ہی اس کی دردناک موت ہوگئی۔ حادثہ کے بعد ٹرک ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ موقع پر علاقائی لوگ اکٹھا ہوگئے اور ڈرائیور کی گرفتاری اور مہلوک کے لواحقین کو معاوضہ کے مطالبے کو لے کر سڑک جام کردیا۔ حادثہ اور سڑک جام کی اطلاع ملنے پر رکسول تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچی جسے مقامی لوگوں کے اشتعال کا سامنا کرنا پڑا اور لوگوں نے پولیس کو کھدیڑ دیا۔ بعد میں ایس ڈی او موقع پر پہنچے اور لوگوں کو سمجھانے بجھانے کی کوشش کی ۔ ایس ڈی او نے مہلوک کے لواحقین کو چار لاکھ روپئے معاوضہ کا کا چیک سونپا اس کے بعد سڑک جام ختم ہوسکا۔ پولیس نے حادثہ کرنے والے ٹرک کو ضبط کرلیا ہے۔ مہلوک نوجوان کی عمر 20 سال بتائی جاتی ہے ۔وہ چونکہ بیرگنج میں بجلی مستری کا کام کرتا تھا اور روزانہ کی طرح بیرگنج اپنے کام پر جارہا تھاکہ مخالف سمت سے آرہے ٹرک نے اسے روند دیا۔ واضح ہوکہ مہلوک نوجوان کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی اور اسے ایک بچی بھی ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مہلوک کی بیوہ اور گھروالوں کا رو رو کر برا حال ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں