1 4

کس کے سر ہوگاتاج،فیصلہ آج

نئی دہلی10 مارچ (تاثیر بیورو): اترپردیش اور پنجاب سمیت 5ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج 11 مارچ کو سامنے آئیں گے۔ انتخابی نتائج یہ طے کریں گے کہ کس کے سر پر ہوگا تاج اور کس کے گلے لگے گی ہار، کون سی پارٹی منائے گی جیت کی ہولی اور کس کے رنگ میں پڑے گا بھنگ۔ ایک دن قبل آئے اکزٹ پول کے نتائج سے بی جے پی کافی خوش ہے۔ لیکن سماجوادی پارٹی کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی سمیت تمام بی جے پی مخالف طاقتوں نے اکزٹ پول کو مسترد کردیا ہے۔ پنجاب میں یہ بات تقریباََ طے مانی جارہی ہے کہ بی جے پی اکالی دل اتحاد کا صفایا ہورہا ہے اور کانگریس اقتدار میں واپسی کررہی ہے۔ حالانکہ یہاں عام آدمی پارٹی بھی چونکانے والا نتیجہ دے سکتی ہے۔ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے شروع ہوگی اور 9 بجے سے رجحان ملنے لگیں گے۔ 12 بجے تک تصویر پوری طرح صاف ہوجائے گی کہ کس ریاست میں کون سی پارٹی یا اتحاد حکومت بنانے جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی گنتی کے سلسلے میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پورے عمل کی ویڈیوگرافی کرنے کا حکم دیاہے ۔الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابات میں استعمال کے لئے کنٹرول یونٹوں اور بیلیٹ یونٹوں کو الگ سے اسٹرانگ روم سے ریٹرننگ آفیسر کے کمرے میں لے جایا جائے گا اور اس عمل میں مکمل طور پر چوکسی برتی جائے گی۔ ویڈیو ریکارڈنگ کی سی ڈی ضلع الیکشن افسر کے پاس ہوگی اور ووٹوں کی گنتی کے عمل کی ہر سطح پر ریکارڈنگ کی جائے گی۔کمیشن نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی والے دن سی سی ٹی وی کو ان مقامات پر لگایا جائے گا جہاں جہاں سے سیکورٹی کنٹرول کر رہے ہوں گے اور اسے ریٹرننگ افسر کے پاس لگے ٹیلی ویژن پر دکھایا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے رجحانات اور نتائج پیش کرنے کے لئے ایک مضبوط اور مکمل نظام مرتب کیا ہے ،جس کے تحت کمیشن کی ویب سائٹ :www.eciresults.nic.inپر اسمبلی انتخابات کے نتائج اور رجحانات صبح آٹھ بجے سے پیش کئے جائیں گے ۔ نتائج اور رجحانات پیش کئے جانے کا یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں