آسٹریلیا کی خطر ناک گیندبازی سے ہندوستانی اننگز 189پرسمٹی

بنگلور، 04 مارچ (یواین آئی) آسٹریلیا نے آف اسپنر ناتھن لیون کی خطرناک گیندبازی( 50 رن پر آٹھ وکٹ )کی بدولت ہندوستان کو دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ہفتہ کو 189 رن پر سمیٹ دیا۔سلامی بلے باز لوکیش راہل نے یکطرفہ انداز میں جدوجہد کرتے ہوئے 205 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی اننگز کھیلی۔لیکن دوسرے بلے بازوں نے پونے کی طرح بنگلور میں بھی مایوس کیا اور لیون کے سامنے بے بس نظر آئے ۔ ہندوستان نے لنچ تک دو وکٹ اور چائے کے وقفہ تک پانچ وکٹ گنوائے تھے ۔ لیکن چائے کے وقفہ کے بعد ہندوستان کے باقی پانچ وکٹ محض 21 رن کا اضافہ کر کے گر گئے ۔لیون نے 22.2 اوور کی خطرناک گیند بازی میں 50 رن پر آٹھ وکٹ لے کر ہندوستانی کھلاڑیوں کو گھٹنے ٹیکنے کیلئے مجبور کر دیا۔ تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے 39 رن پر ایک وکٹ اور گزشتہ میچ میں کل 12 وکٹ لینے والے لیفٹ آرم اسپنر اسٹیو او کیفے نے 40 رن پر ایک وکٹ لیا۔ لیون کی اس سے پہلے ایک اننگز میں بہترین کارکردگی ہندوستان کے خلاف ہی 94 رن پر سات وکٹ تھی ۔ یہ کارنامہ انہوں نے مارچ 2013 میں دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں انجام دیا تھا۔ابھینو مکند صفر، چتیشور پجارا 17، کپتان وراٹ کوہلی 12، اجنکیا رہانے 17، نائر 26، روی چندرن اشون سات، وکٹ کیپر ردھمان ساہا ایک اور رویندر جڈیجہ تین رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔پونے کے بعد ہندوستانی بلے بازوں نے پھر سے یہاں مایوس کیا۔ہندوستانی ٹیم پونے میں دونوں اننگز میں 105 اور 107 رن پرآوٹ ہو گئی تھی۔ تب ہندوستان کیلئے وہ خراب وقت اور آسٹریلیا کے لئے اچھا ٹاس جیتنا بتایا گیا تھا لیکن یہاں ہندوستانی کپتان وراٹ نے ٹاس جیتا لیکن کہانی وہی کی وہی رہی۔دوسرے ٹیسٹ سے قبل وراٹ نے کہا تھا کہ ٹیم اس مرتبہ پونے کی غلطیوں کو نہیں دوھرائے گی لیکن ہندوستانی کھلاڑیوں نے او کیفے کے سامنے تو نہیں لیون کے سامنے ضرور وہی غلطیاں دہرا ئیں۔ ہندوستانی اننگز میں دوسرے وکٹ کے لئے 61 رن اور پانچویں وکٹ کے لیے 38 رن کی شراکت ہوئی۔ اس کے بعد تو ہندوستانی بلے بازوں کے وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ہندوستان نے اپنے آخر چھ وکٹ 33 رن جوڑ کر گنوائے ۔ پونے میں ہندوستان نے پہلی اننگز میں 11 رن کے وقفے میں اپنے سات وکٹ اور دوسری اننگز میں 30 رن کے وقفے میں اپنے آخری سات وکٹ گنوائے تھے ۔ بنگلور میں بھی یہی صورتحال رہی۔دوسرے ٹیسٹ میں زخمی سلامی بلے باز مرلی وجے کی جگہ ابھینو مکند کو اوپننگ میں لایا گیا لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر تیز گیند باز مشیل اسٹارک کی گیند پر تیسرے اوور میں ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔راہل اور پجارا نے دوسرے وکٹ کے لئے 61 رن کی ساجھے داری کی۔ جب ایسا لگ رہا تھا کہ یہ شراکت داری ہندوستانی اننگز کو مضبوط پوزیشن میں لے جائے گی تبھی لیون نے لنچ سے پہلے کے آخری اوور میں پجارا کو پیٹر ھینڈسکمب کے ہاتھوں کیچ کراکر ہندوستان کو زبردست جھٹکا دیا ۔ لنچ تک ہندوستان کا اسکور دو وکٹ پر 71 رن تھا۔
لنچ کے بعد لیون نے وراٹ کو ایل بی ڈبلیو کرکے ہندوستان کو سب سے بڑا جھٹکا دیا۔ وراٹ 17 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنا چکے تھے ۔ لیون کی آف بریک ٹھیک اسٹمپ کے سامنے وراٹ کے پیڈ سے ٹکرائی جسے امپائر نے اپیل کرنے پرآوٹ قرار دیا۔ وراٹ جانتے تھے کہ وہ آ¶ٹ ہو چکے ہیں اس کے باوجود انہوں نے ریویو لے کر ہندوستان کا ایک ریویو خراب کیا۔ بڑی اسکرین پر ری پلے دیکھتے ہی وراٹ بغیر امپائر کی تصدیق کیے پویلین واپس لوٹ گئے ۔ لیون نے اس طرح پانچویں بار پجارا اور وراٹ کو اپنا شکار بنایا۔راہل نے لنچ کے بعد اپنے 50 رن 105 گیندوں میں پورے کر لیے ۔ انہوں نے رہانے کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 30 رن کی ساجھے داری کی۔ رہانے ٹک کرکھیل رہے تھے لیکن جلد ہی انہوں نے بھی اپنا وکٹ گنوا دیا۔ لیون کی آف بریک پر رہانے اتنا باہر نکل آئے کہ وکٹ کیپر میتھیو ویڈ نے لڑکھڑانے کے باوجود انہیں اسٹمپ کر دیا۔ لیون نے چوتھی مرتبہ رہانے کو آ¶ٹ کیا۔انگلینڈ کے خلاف پانچویں میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے کرو ن نائر کو دو ٹسٹ میچوں کے بعد جا کر اس میچ میں موقع ملا۔ انہیں آف اسپنر جینت یادو کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔ نائر نے 39 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے اور او کیفے کی گیند پرا سٹمپ ہو گئے ۔چائے کے وقفہ کے وقت ہندوستان کا اسکور پانچ وکٹ پر 168 رن تھا لیکن چائے کے وقفہ کے بعد لیون نے پانچ وکٹ حاصل کرکے ہندوستانی اننگز کو سمیٹنے میں زیادہ وقت نہیں لگایا ۔ لیون نے اشون، ساہا اور جڈیجہ کا شکار کیا۔ ہندوستان کے آٹھ وکٹ 188 رن پر گر ے ۔راہل اپنی سنچری سے 10 رن دور تھے اور اپنی سنچری مکمل کرنے کی کوشش میں وہ خراب شاٹ کھیل بیٹھے اور میٹ رینشا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔ راہل 90 رن پر آ¶ٹ ہونے کے بعد مایوسی کے ساتھ پویلین چل دیے ۔ لیون نے اگلی گیند پر ایشانت شرما کو آ¶ٹ کرکے ہندوستانی اننگز 189 رن پر سمیٹ دی۔ لیون نے اس طرح ہندوستانی سر زمین پر کسی غیر ملکی گیندباز کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔