اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی تاج پوشی

لکھنؤ، 19 مارچ (یواین آئی) گورکھپور سے رکن پارلیمان یوگی آدتیہ ناتھ نے آج یہاں اتر پردیش کے 32 ویں وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا۔ ان کے ساتھ 2 نائب وزرائے اعلی کیشو پرساد موریہ اور ڈاکٹر دنیش شرما نے بھی حلف لیا۔ مسٹر موریہ بھاجپاکے ریاستی صدر اور پھول پور سے ممبر پارلیمنٹ ہیں جبکہ مسٹر شرما لکھنؤ کے میئر ہیں۔ یوگی کابینہ میں 25 کابینہ، 9 وزرائے مملکت (آزادانہ چارج) اور 13 وزرائے مملکت کو شامل کیا گیا ہے ۔ حلف لینے والے کابینہ وزراء میں سوریہ پرتاپ شاہی، سریش کھنہ، سوامی پرساد موریہ، ستیش مھانا، راجیش اگروال، ریتا بہوگنا جوشی، دارا سنگھ چوہان، دھرم پال سنگھ، ایس پی سنگھ بگھیل، ستیہ دیو پچوری، رماپتی شاستری، جے پرتاپ سنگھ، اوم پرکاش راج بھر، برجیش پاٹھک ، لکشمی نارائن چودھری، چیتن چوہان، شریکانت شرما، راجندر پرتاپ سنگھ، سدھارتھ ناتھ سنگھ، مکٹ بہاری ورما، آشوتوش ٹنڈن عرف گوپال جي اور نند کمار نندي شامل ہیں۔وزیر مملکت (آزادانہ چارج) کے طور پر انوپما جیسوال، سریش رانا، اپیندر تیواری، ڈاکٹر مہندر سنگھ (ایم ایل سی)، سوتنتر دیو سنگھ (ایم ایل سی) بھوپندر سنگھ چودھری، انل راج تھر، سواتی سنگھ اور ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی کو حلف دلایا گیا ہے ۔ وزیر مملکت کی حیثیت سے گلابو دیوی، جے پرکاش نشاد، ارچنا پانڈے ، جے کمار سنگھ، اتل گرگ، رویندر پرتاپ سنگھ، نیل کنٹھ تیواری، محسن رضا، گریش چندر راٹھور، بلدیو اولکھ، منوہر لال، سندیپ سنگھ اور سریندر پاسی نے حلف لئے ۔ علی گڑھ کی اترولی سیٹ سے پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے سندیپ سنگھ راجستھان کے گورنر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی کلیان سنگھ کے پوتے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی صدر امت شاہ، بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی، ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی، سماجوادی پارٹی (ایس پی) سرپرست ملائم سنگھ یادو، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزرا اننت کمار، نتن گڈکری، سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو، اسمبلی کے سابق اسپیکر ماتا پرساد پانڈے ، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، آسام کے وزیر اعلی سربانند سونووال، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی رمن سنگھ، اتراکھنڈ کے وزیر اعلی تروندر سنگھ راوت، آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندر بابو نائیڈو، مہاراشٹر کے وزیر اعلی دویندر فڑنویس، گوا کے وزیر اعلی منوہر پاریکر سمیت ملک کئی معروف شخصیات موجود تھیں۔تقریب میں کانگریس اور بی ایس پی کا کوئی لیڈر نظر نہیں آیا۔حلف برداری تقریب کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے نئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو مبارکباد دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی نئی ٹیم اتر پردیش کو ‘ اتم پردیش’ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔مسٹر مودی نے ٹویٹ کر کے انہیں اور ان کے ساتھی وزراء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ نئی ٹیم اتر پردیش کو اتم پردیش بنانے میں کسی طرح کی کسر نہیں چھوڑے گی۔ ریاست میں ترقی کے نئے ریکارڈ بنیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ لوگوں کی آشرواد اور کارکنوں کی محنت سے بی جے پی نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے بعد چار ریاستوں میں حکومت بنائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ “درخشاں اور دیویائی ہندوستان کی تعمیر کے لئے ہماری انتھک کوششیں جاری ہیں۔ افرادی قوت نئے اور بدلے ہوئے ہندوستان کے عروج کی سمت میں مضبوطی سے کام کر رہی ہے “۔ انھونے کہاکہ “ترقی ہمارا مقصد اور مشن ہے ۔ جب اترپردیش کی ترقی ہوگی تو ہندوستان کی ترقی کرے گا۔ ہم اتر پردیش کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں”۔