اڈوانی ہوسکتے ہیں ملک کے اگلے صدر جمہوریہ

نئی دہلی 14 مارچ (تاثیر بیورو): یوپی کے اسمبلی انتخابات میں ریکارڈ توڑ اکثریت حاصل کرنے کے بعد بی جے پی اب اپنی پسند کا صدر جمہوریہ منتخب کراسکتی ہے۔ اس کیلئے بی جے پی کی طرف سے سابق نائب وزیراعظم لال کرشن اڈوانی کا نام سامنے آیا ہے۔ اس بارے میں انتخابی نتائج آنے سے ٹھیک پہلے 8 مارچ کو سوم ناتھ میں ایک میٹنگ میں یہ بات زیر غور آئی تھی۔ جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ سمیت خود اڈوانی بھی موجود تھے۔ مودی نے اس میٹنگ میں یہ واضح اشارہ دیا تھا کہ ان کی طرف سے اڈوانی کو یہ گرو دکچھنا ہوگا۔ نتائج سامنے آنے کے بعد اب اڈوانی کا نام فائنل ماناجارہا ہے۔ مودی اور اڈوانی کے قریبی گجرات بی جے پی کے اعلیٰ رہنماؤں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ سوم ناتھ میں ہوئیاس خصوصی میٹنگ میں مودی، شاہ اور اڈوانی کے علاوہ کیشو بھائی پٹیل بھی موجود تھے۔ اسی دوران مودی نے یہ اشارہ دیا تھا کہ اگر اترپردیش کے انتخابی نتائج بی جے پی کی منشاکے مطابق ہوئے تو وہ اپنے سیاسی گرو اڈوانی کو صدر جمہوریہ کے عہدے پر دیکھنا چاہیں گے۔