بھاجپا کے بہکاوے میں مت آنا، ووٹ ایس پی کو ہی دینا : ملائم سنگھ

جونپور، 5 مارچ (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کو ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرنے والی اور قول و فعل میں فرق نہیں کرنے والی جماعت قرار دیتے ہوئے پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سمیت دیگر مخالف جماعتوں کے بہکاوے میں قطعی نا آئیں اور ریاست میں ایک بار پھر ایس پی کی حکومت بنوانے میں مدد کریں۔ضلع کے ملہنی اسمبلی حلقہ کے کولاہل گنج میں پارٹی امیدوار اورکابینی وزیر پارس ناتھ یادو کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا “ایس پی نے ہر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ آپ لوگ ایس پی کے تمام امیدواروں کو جتا دینا اور جو بھی وعدے کئے گئے ہیں سب پورے ہوں گے۔ “ایس پی کے سرپرست اعلی نے کہا کہ ماں بہنوں کے ساتھ ہو رہے ظلم کو روکنے کے لئے انہوں نے پارٹی بنائی تھی۔ وہ پارٹی بنانے کے وقت تنہا تھے اور 11 مہینہ بعد 1992 میں ان کی پارٹی کی حکومت بھی بن گئی۔ سماج وادی پارٹی کے قول فعل میں فرق نہیں ہے۔