بہارمیں کونسل کی چار سیٹوں کیلئے62 فیصد پولنگ

پٹنہ ،9مارچ (یواین آئی) بہار قانون ساز کونسل کے ٹیچر اور گریجویٹ حلقوں کی4 خالی سیٹوں کے لئے آج سخت سیکورٹی کے تحت پرامن طریقے سے ووٹ ڈالے گئے۔ریاستی الیکشن دفتر ذرائع نے یہاں بتایا کہ قانون ساز کونسل کے گیا ٹیچر اور گریجویٹ حلقے کے علاوہ کوشی ٹیچر اور سارن گریجویٹ حلقہ میں ایک ایک سیٹ کے لئے62 فیصد سے زائد ووٹ پڑے ۔ پولنگ عام طور پر پرامن رہی اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے ۔کوشی ٹیچر حلقہ میں کل 14 ہزار 64، گیا ٹیچر حلقہ میں کل 14 ہزار 196 جبکہ گیا گریجویٹ علاقے کے لئے ایک لاکھ 21 ہزار ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کااستعمال کیا۔وہیں سارن گریجویٹ حلقے کیلئے 90 ہزار 163 ووٹر وں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ووٹوں کی گنتی 15 مارچ کو ہوگی اور دیر شام نتائج کا اعلان کر دیاجائے گا۔کونسل کی چار خالی سیٹوں کے لئے ہو رہی ووٹنگ میں کل 48 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔ ان میں جن لوگوں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے ان میں گیا گریجویٹ حلقے سے بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اودھیش نارائن سنگھ، گیا ٹیچر حلقہ سے راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے سبکدوش ہونے والے سنجیو شیام سنگھ، کوشی ٹیچرسے جنتا دل یوکے سبکدوش ہونے والے ڈاکٹر سنجیو کمار سنگھ اور سارن گریجویٹ حلقے سے سابق وزیر اور ہندوستانی عوام مورچہ کے ڈاکٹر مہاچندر پرساد سنگھ شامل ہیں۔