عالیہ بھٹ اس وقت مضبوط مقام پر

ممبئی ۔02مارچ(ےواین این)فلم ”بدری ناتھ کی دلہنیا“ 10 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔بولی وڈ کے کامیاب ہدایت کار کرن جوہر نے اداکار ورن دھون اور عالیہ بھٹ کو فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ کے ساتھ انڈسٹری میں لانچ کیا تھا، تاہم ورن دھون کا کہنا ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ وہ کرن جوہر کی ہر فلم کو سائن کریں۔ورن دھون اور عالیہ بھٹ کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی دھرما پروڈکشنز کے بینر تلے بنائی گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ورن دھون کا کہنا تھا کہ ان کی فلم’ ’بدری ناتھ کی دلہنیا“ کو مکمل ہونے میں تقریباً ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سب کچھ دیکھ کر ہی فلم میں کام کرتے ہیں۔ورن دھون نے مزید کہا کہ میں اور عالیہ بھٹ اس وقت اپنے کیریئر میں بہت مضبوط مقام پر ہیں، ہم کوئی بھی فلم یوں ہی نہیں کریں گے، چاہے اسے کوئی بھی بنا رہا ہو۔کرن جوہر کے حوالے سے انھوں نے کہا، ’ہمارا کرن جوہر کے ساتھ رشتہ بہت اچھا ہے، اگر ہمیں کچھ اچھا نہیں لگتا تو ہم اس سے انکار کردیتے ہیں، کرن نے ہمیشہ ہمیں یہ آپشن دیا ہے، لیکن کرن جوہر ہمیں کبھی ایسا کچھ آفر نہیں کریں گے جو ہمارے لیے اچھا نہ ہو۔29 سالہ ورن دھون نے عالیہ بھٹ کے بہترین انداز میں آگے بڑھتے ہوئے کیریئر کے حوالے سے کہاکہ عالیہ کو ہر چیز پرفیکٹ چاہیے، نہ صرف اپنے لیے بلکہ فلم کی مکمل کاسٹ کے لیے بھی، وہ بہترین اداکاری کرتی ہیں۔خیال رہے کہ ششانک کھیتن کی ہدایات میں بننے والی فلم ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ 2014 کی کامیاب فلم ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ کا سیکوئل ہے۔