نقلی زیور گروی رکھ کر دوسری بار ٹھگی کرنے پہنچی خاتون گرفتار

دربھنگہ:۲۱؍مارچ ( عبد المتین قاسمی )سنگھوارہ تھانہ حلقہ کے بھروارہ بازار سے آج ایک خاتون کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جبکہ وہ نقلی زیور گروی رکھنے ایک صرافہ کاروباری کے پاس پہنچی تھی ۔ بھروارہ باشندہ شیو نرائن داس عرف بھدئی شاہ کی بھروارہ بازار میں زیور اور کپڑے کی پرانی دکان ہے اور آج سے دو ماہ قبل بھی ایک خاتون دو جوڑا بالی لے کر اس کے دکان پر پہنچی اور اس زیور کو دکان پر گروی رکھ کر ان کے بیٹے سے بارہ ہزار روپئے نقد لے لیا ۔ خاتون نے اپنا پتہ نزدیک کے ہی کٹکا گاؤں لکھوایاتھا لیکن جب دکاندار نے زیور کی جانچ کرائی تو وہ نقلی نکلا ۔ بعد میں جب اس کے نام اور پتہ کی تفتیش کی گئی تو یہ بھی فرضی نکلا ۔ دوماہ بعد دوسری بار یہ خاتون سونا کی تین جوڑی بالی اور ایک ٹیکا لے کر اسی دکاندار کو پھر سے ٹھگنے پہنچی اور بندھک رکھنے کی بات کہی ،جب دکاندار کو شک ہوا تو اس نے زیور کو چیک کیا اورزیور بندھیل کا نکلا ۔ اب دکاندارکا شک یقین میں بدل گیا اور اس نے خاتون سے سختی سے پوچھ گچھ کی تب جا کر اس نے اپنا گھر بیگوسرائے کے پنساہا گاںؤ بتلا یا ۔دکاندار نے اس کے گھر والوں سے رابطہ کیا تو انہو ں نے پیسے لے کر پہنچنے کا یقین دلایا۔ ادھر دکاندار نے صرافہ یونین کے صدر شمبھو ٹھاکر سے رابطہ کیا اور پورے معاملے کی جانکاری تھی اس کے بعد سنگھوارہ تھانہ کو مطلع کیا گیا چناچنہ تھانہ کی پولیس نے بھدئی شاہ کی تحریری شکایت پر خاتون کو گرفتار کرلیا ۔ اس بابت صدر اے ایس پی دلنواز احمد نے بتایا کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے ایک گروہ کاپردہ فاش کرکے پورے گروپ کو پکڑا گیا تھا ۔ اس خاتون کے بھی کسی گروپ سے جڑے ہونے سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ۔