ٹی ایس راوت اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ مقرر

دہرہ دون، 17مارچ (یو این آئی) اتراکھنڈ میں بی جے پی کی لیجس لیچر پارٹی کی ہوئی میٹنگ میں مسٹر ترویندر سنگھ راوت کو آج رہنما منتخب کرلیا گیا اور اس کے ساتھ ہی ریاست کے وزیر اعلی کے نام کے سلسلے میں جاری قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔ مسٹر راوت کل وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیں گے ۔آج سہ پہر تین بجے کے بعد یہاں بی جے پی لیجس لیچر پارتی کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں مرکزی مبصر مرکزی وزیر نریندر تومر کے علاوہ محترمہ سروج پانڈے ، مسٹر دھرمیندر پردھان، مسٹر اجے ٹمٹا ، ریاست کے انچارج شیام جاجو کے علاوہ ممبر پارلیمنٹ بھگت سنگھ کوشیاری، رمیش پوکھریال نشانک سمیت کئی لیڈر موجود تھے ۔ ممبران اسمبلی سے رائے شماری کے بعد رسمی طور پر مسٹر راوت کو لیجس لیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔مرکزی وزیر اوراتراکھنڈ میں انتخابی مہم کے انچارج جے پی نڈا نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹرراوت کو لیجس لیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی کے دعویدار رہے مسٹر ستیہ پال مہاراج اور پرکاش پنت نے خود ترویندر سنگھ راوت کا نام پیش کیا جسے تمام ممبران اسمبلی نے تسلیم کرلیا۔ پارٹی مبصر نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ گورنر کو لیجس لیچر پارٹی کے فیصلے سے آگاہ کرادیا گیا ہے ۔بعد میں مسٹر ترویندر سنگھ راوت راج بھون پہنچے اور حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا۔ گورنر کے کے پال نے ملاقات کے بعد مسٹر راوت کو وزیر اعلی مقرر کرتے ہوئے حکومت بنانے اور حلف لینے کے لئے مدعو کیا۔ حلف برداری کی تقریب کل تین بجے پریڈ گراونڈ میں ہوگی۔اتراکھنڈ اسمبلی کے حال ہی میں ہوئے انتخاب میں بی جے پی کو 70 میں سے 57 سیٹوں پر جیت ملی تھی۔ بی جے پی کے منتخب ممبران اسمبلی کو آج دہرہ دون میں میٹنگ ہوئی جس میں مسٹر راوت کو لیجس لیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔مسٹر راوت اتراکھنڈ ریاست کی ڈوئی والا سیٹ سے منتخب ہوئے ہیں۔ لیجس لیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کے لئے بی جے پی نے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر اورسروج پانڈے کو مبصر کے طور پر بھیجا تھا۔خیال رہے کہ مسٹر راوت ریاست کے آٹھویں وزیر اعلی ہوں گے ۔20 دسمبر 1960 کو اتراکھنڈ کے کھیراسین گاوں میں پیدا ہوئے راوت نے صحافت میں پوسٹ گریجویٹ کیا ہے ۔ وہ 1979میں آر ایس ایس سے وابستہ ہوئے ۔ وہ 1983 سے 2002 تک آر ایس ایس کے پرچارک رہے ۔ 1985 میں دہرہ دون کے پرچارک بنے ۔ 1993میں بی جے پی کے تنظیمی سکریٹری بنے ۔ سال 2002میں ڈوئی والا اسمبلی سے پہلی مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے ۔ 2007میں دوسری مرتبہ ڈوئی والا سے ایم ایل اے منتخب ہوئے ۔مسٹر راوت کو 2013 میں بی جے پی کے قومی سکریٹر ی کی ذمہ داری دی گئی ۔ 2014 میں لوک سبھا الیکشن میں اترپردیش میں امت شاہ کے ساتھ معاون کی ذمہ داری سونپی گئی۔ مسٹر راوت 2007سے 2012 کے دوران ریاست کی بی جے پی حکومت میں وزیر زراعت بھی رہے ہیں۔حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ بھی موجود ہوں گے ۔ ملک کے کئی دیگر اہم پارٹیوں کے رہنما بھی تقریب میں شرکت کریں گے ۔