پجارا کے 202، ساہا کے 117، ہندستان کی گرفت مضبوط

رانچی، 19 مارچ (یو این آئی) چتیشور پجارا (202) کے تحمل کے ساتھ بنائی گئی ڈبل سنچری اور ان کی وکٹ کیپر ردھمان ساہا (117) کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 199 رنز کی قیمتی شراکت کی بدولت ہندستان نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی اننگز چوتھے دن اتوار کو نو وکٹ پر 603 رن پر ڈکلئیر کر تیسرے ٹیسٹ پر اپنا شکنجہ کس لیا۔ہندوستان کے پاس اب پہلی اننگز میں 152 رنز کی برتری ہو گئی ہے ۔آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 451 رنز بنائے تھے ۔پجارا نے 525 گیندوں کا سامنا کیا اور 202 رنز میں 21 چوکے لگائے ۔ساہا نے 233 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 117 رن میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔آل را¶نڈر رویندر جڈیجہ نے تیزی سے ہاتھ دکھاتے ہوئے محض 55 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 54 رن بنائے ۔امیش یادو نے 16 رنز بنائے ۔جڈیجہ نے اس کے بعد آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں دو وکٹ لے کر کنگار¶ں کو دبا¶ میں ڈال دیا۔جڈیجہ نے اوپنر ڈیوڈ وارنر (14) کو بولڈ کیا اور پھر نائٹ واچ مین ناتھن لیون (دو) کو بھی بولڈ کر دیا۔جڈیجہ نے وارنر کو میچ میں دوسری بار اپنا شکار بنایا۔اسٹمپ کے وقت آسٹریلیانے دو وکٹ کے نقصان پر 23 رنز بنا لئے اور اسے ابھی اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 129 رنز بنانے ہیں۔میٹ رینشا سات رنز بنا کر کریز پر ہیں۔کپتان وراٹ کوہلی نے 210 اوور کے کھیل کے بعد ہندستان کی پہلی اننگز ڈکلئیرکر دی۔تب تک ہندوستان 600 کا اسکور پار کر چکا تھا۔ہندستان نے صبح چھ وکٹ پر 360 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔پجارا 130 اور ساہا 18 رنز پر ناٹ آ¶ٹ تھے ۔29 سالہ پجارا نے اپنے کیریئر کی تیسری اور آسٹریلیا کے خلاف دوسری ڈبل سنچری بنا ئی ۔ پجارا کی یہ 11 ویں ٹیسٹ سنچری تھی۔وکٹ کیپر بلے باز ساہا نے اپنی تیسری سنچری بنائی اور اپنے 1000 ٹیسٹ رنز سے اب وہ محض 18 رن دور رہ گئے ہیں۔پجارا اب سچن تندولکر اور وی وی ایس لکشمن جیسے بڑے بلے بازوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دو ڈبل سنچری بنائی ہیں۔سوراشٹر کے بلے باز نے اپنی ڈبل سنچری کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف 11 ٹسٹ میں 1000 رنز بھی پورے کر لئے ہیں۔ پجارا نے انگلینڈ کے خلاف بھی 1000 رنز بنائے ہیں۔راہل دراوڑ کے بعد ٹیم انڈیا میں سر کا خطاب پانے والے پجارا نے اسی کے ساتھ ٹیسٹ میچ اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے کا کسی ہندوستانی کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے ۔آخری بار سال 2004 میں سابق بلے باز راہل دراوڑ نے راولپنڈی میں 270 رنز کی اننگز کے لئے 495 گیندوں کی مدد لی تھی جبکہ پجارا نے اپنے 202 رن کے لئے 525 گیندیں کھیلیں۔ پجارا کی یہ اننگز کسی ہندوستانی بلے باز کی گیندوں کے حساب سے اور ان کی ذاتی طور پر بھی سب سے طویل اننگز ہے ۔صبح ہندوستان نے کل کے چھ وکٹ پر 360 رنز سے آگے کھیلتے ہوئے لنچ تک اپنا اسکور 435 پہنچا دیا۔اس دوران پجارا نے اپنے 150 رنز 391 گیندوں میں اور ساہا نے 50 رنز 100 گیندوں میں پورے کئے ۔دونوں بلے بازوں کو لاجواب اننگز کے ساتھ ریویو کا بھی فائدہ ملا۔آسٹریلیا کے لیے پانچ سال بعد اپنا دوسرا ٹیسٹ کھیل رہے تیز گیند باز پیٹ کمنز نے ساہا کے ذریعے صبح اپنا پانچواں وکٹ حاصل کر ہی لیا تھا جب ہندستانی بلے باز کو ایل بی ڈبلیو آ¶ٹ دیا گیا۔لیکن ساہا نے فوری طور پر اس فیصلے پر ریویو مانگ لیا اور ری پلے سے صاف ہو گیا کہ گیند اسٹمپ کو نہیں چھو رہی تھی اور ساہا بال بال بچ گئے ۔ساہا نے اس کے بعد آف اسپنر ناتھن لیون کی گیند پر مڈ وکٹ پر چھکا مار دیا اورا سٹیو او کیفے کی گیند پر ایک رن لے کر اپنے 50 رن پورے کئے ۔دوسرے سرے پر پجارا نے لیون کی گیند پر ایک رن لے کر اپنے 150 رن پورے کئے ۔دائیں ہاتھ کے بلے باز پجارا کو بھی 157 کے ذاتی اسکور پر جیون دان ملا جب لیون کی گیند پر انہیں ایل بی ڈبلیو دیا گیا۔اس فیصلے کے لیے بھی پجارا نے ریویو لیا اور امپائر کو اپنا فیصلہ بدلنا پڑا۔لنچ کے بعد آسٹریلیا نے پہلے ہی اوور میں تیسری نئی گیند دے دی۔لیکن اس کا دونوں بلے بازوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔دونوں نے چائے کے وقفہ تک ٹیم کا اسکور 503 رنز پہنچا دیا۔تاہم دوسرے سیشن میں دونوں بلے بازوں نے سست بلے بازی کی اور اپنا وکٹ بچائے رکھا۔اننگز کے 180 ویں اوور میں آسٹریلیا کا ساہا کے خلاف ریویو بیکار بھی گیا۔چائے کے وقفہ کے وقت پجارا 190 اور ساہا 99 رنز پر ناٹ آ¶ٹ تھے ۔ساہا نے چائے کے وقفہ کے بعد اپنی سنچری 214 گیندوں میں مکمل کی جبکہ پجارا کی ڈبل سنچری 521 گیندوں میں مکمل ہوئی۔ ڈبل سنچری مکمل کرنے کے بعد پجارا نے لیون کی گیند پر گلین میکسویل کو کیچ تھما دیا۔پجارا نے ایک ہلکاشاٹ کھیلا اور اپنا وکٹ گنوا بیٹھے ۔لیکن انہوں نے ہندوستان کے لئے ایک عظیم اننگز کھیل ڈالی۔لیون کو بنگلور ٹیسٹ کے پہلے دن کے بعد اب جا کر ایک وکٹ حاصل ہوا۔یہ شراکت ٹوٹنے کے بعد ساہا کاصبر بھی ٹوٹ گیا اور انہوں نے او کیفے کی گیند پر میکسویل کو کیچ دے دیا۔ساہا کی بھی یہ اننگز پجارا جتنی ہی اہم رہی۔جڈیجہ نے میدان پر اترنے کے ساتھ تابڑ توڑ انداز میں رن بنائے اور اپنی چھٹی نصف سنچری مکمل کی۔جڈیجہ بھی اب 1000 ٹیسٹ رنز کے قریب پہنچ چکے ہیں اور ان کے 988 رنز ہو گئے ہیں۔امیش یادو 16 رن بنانے کے بعد او کیفے کا شکار بنے اور ہندوستان کے 600 رن پورے ہونے کے ساتھ ہی وراٹ نے اننگز ڈکلئیر کر دی۔آسٹریلیا کے اہم گیند بازوں نے 100 رن زیادہ رنز لٹایے ۔پیٹ کمنز نے 39 اوور میں 106 رن پر چار وکٹ، او کیفے نے 77 اوور کی بولنگ میں 199 رن پر تین وکٹ، جوش ہیزل وڈ نے 44 اوور میں 103 رن پر ایک وکٹ اور لیون نے 46 اوور میں 163 رن پر ایک وکٹ لیا۔