کیپٹن امریندر نے پھر سنبھالی پنجاب کی کمان

چنڈی گڑھ، 16 مارچ (یواین آئی) پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کیپٹن امرندر سنگھ نے ریاست کے 26 ویں وزیر اعلی کے طور پر آج حلف لیا۔راج بھون میں منعقد ایک سادہ تقریب میں گورنر وی پی سنگھ بدنور نے کیپٹن سنگھ کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ کیپٹن سنگھ کے علاوہ سات ارکان اسمبلی نے کابینہ وزیر اور دو ممبران اسمبلی نے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) کے طور پرحلف لیا۔کابینہ وزیر کے طور پر حلف لینے والوں میں چھ بار کے رکن اسمبلی براہم موھندرا، سابق وزیر اور سبکدوش ہونے والے وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل کے بھتیجے من پریت سنگھ بادل، کرکٹر سے سیاستدان بنے نوجوت سنگھ سدھو، اسمبلی میں پارٹی ممبران کے لیڈر چرنجیت سنگھ چننی ، رانا گرجیت سنگھ، ترپت رجندر سنگھ باجوا اور سادھو سنگھ دھرمسوت ہیں۔محترمہ ارونا چودھری اور رضیہ سلطانہ نے وزیرمملکت (آزادانہ چارج) کے طور پر حلف لیا۔ اس موقع پر کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ، سابق مرکزی وزیر آنند شرما، کیپٹن امرندر کی اہلیہ پرنیت کور، راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت، کانگریس سیکرٹری اور پارٹی کی ریاستی امورکی انچارج آشاکماری ، پاکستانی صحافی عروسہ عالم سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ریاست کی 117 رکنی اسمبلی میں کانگریس کے 77، عام آدمی پارٹی (آپ) کے 20 اور اس کی اتحادی اتحادی لوک انصاف پارٹی کے دو، اکالی۔بی جے پی اتحاد کے 18 رکن اسمبلی ہیں. کیپٹن امرندر سنگھ اس سے قبل سال 2002 سے 2007 تک ریاست کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں۔حلف برداری کے بعد وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ کی سفارشات اور مشورے پر پنجاب کے گورنر وی پی سنگھ بَدنور نے آج نومنتخب وزیر وں میں قلمدان تقسیم کئے ۔وزیر اعلی کے دفتر کے ایک ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ کیپٹن امریندر سنگھ عام انتظامیہ ، عملہ، امور داخلہ و انصاف ، ویجیلینس کے محکموں کے علاوہ وہ تمام محکمے جو ابھی کسی کو نہیں سونپیں گئے اپنے پاس رکھیں گے ۔برہم مہیندر کو صحت اور خاندانی بہبود کے علاوہ تحقیق طبّی تعلیم اور پارلیمانی امور کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ نوجوت سنگھ سدّھو لوکل گورنمنٹ اور سیاحت و ثقافتی امور کے علاوہ آثار قدیمہ اور عجائب خانوں کے ذمہ دار ہوں گے ۔کابینی وزیر منپریت سنگھ بادل کو مالیات ، منصوبہ بندی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے محکمے سونپے گئے ہیں۔ سادھو سنگھ دھرموسٹ جنگلات ،اشاعت اور اشاعتی ساز و سامان، درجہ فہرست ذات اور پسماندہ طبقات کی بہبود کے کابینی وزیر بنائے گئے ہیں۔ترپت راجیندر سنگھ باجوا کو دیہی ترقی اور پنچایت کے علاوہ پانی کی سپلائی اور صفائی ستھرائی کا ذمہ دار بنایاگیا ہے ۔ رانا گورجیت سنگھ کو آب پاشی اور بجلی کے محکمے سونپے گئے ہیں جب کہ چرن جیت سنگھ چھنی کو تکنیکی تعلیم اور صنعتی تربیت کا وزیر بنایاگیا ہے ۔آزادانہ چارج رکھنے والی مملکتی وزیر رضیہ سلطانہ کو تعمیرات (بی اینڈ آر) معاشرتی سلامتی اور خواتین اور بچوں کی بہبود کا وزیر بنایا گیا ہے ۔ آزادانہ چارج والی دوسری مملکتی وزیر ارونا چودھری کو اعلی تعلیم اور اسکولی تعلیم کے محکمے سونپے گئے ہیں۔