یوگی آدتیہ ناتھ نے حضرت گنج کوتوالی کا اچانک معائنہ کیا

لکھنؤ، 23مارچ (ایجنسی)۔ اترپردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ یوگی کے آج حضرت گنج کوتوالی کا اچانک معائنہ کرکے سب کو چونکا دیا۔مسٹر یوگی نے آج تقریباً 11 بجے اچانک کوتوالی پہنچ جانے سے افراتفری مچ گئی۔ انہوں نے تھانہ کا معائنہ کیا اور کام کاج کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے خاتون تھانہ پہنچ کر کام کاج کے بارے میں بھی اطلاعات حاصل کیں۔انہوں نے کہاکہ یہ معائنہ پہلی بار نہیں کیا گیا ہے اور ایسے معائنے آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے ۔ وزیر اعلی نے کل انیکسی، سکریٹریٹ کمپلکس اور لوک بھون کا معائنہ کیا۔ انہون نے پان، گُٹکا اور پالیتھین پر روک لگانے کے حکم دیئے ۔ مسٹر یوگی نے گندگی، دھول اور بدنظمی دیکھ کر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام سرکاری دفاتر، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں پان، گٹکا، تمباکو اور پان مسالے پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کے حکم دیئے ۔ انہوں نے حکام کو سرکاری دفاتر کو صاف ستھرا رکھنے کے بھی احکامات جاری کئے ۔اترپردیش حکومت نے حکم دیئے ہیں کہ سرکاری اسکولوں کے آس پاس پان۔گٹکا نہیں بکنا چاہئے ۔ اسکول میں پان کے دھبے ہٹانے کیلئے ایک دن کا وقت دیا ہے ۔ اتر پردیش میں حکومت بننے کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ اور ان کے وزیر ایکشن میں ہیں۔ وزیر اعلی کے گدی سنبھالتے ہی ریاست میں کئی اہم حکم ہو چکے ہیں۔اس میں غیر قانونی بوچڑخانے کو بند کرنے، سیکرٹریٹ اور سرکاری عمارتوں میں پان مصالحے اور پلاسٹک پر پابندی جیسے حکم شامل ہیں۔ نیوز ایجنسی کے مطابق یوگی حکومت کے بننے کے بعد ریاست کے مختلف شہروں میں ابھی تک 100 سے زائد پولیس اہلکار معطل کئے جا چکے ہیں۔ معطل کئے گئے زیادہ تر پولیس اہلکار غازی آباد، میرٹھ، نوئیڈا اور لکھنؤ کے ہیں۔ پولیس حکام نے معطل کئے گئے پولیس اہلکاروں کو داغدار بتایا ہے۔اتر پردیش پولیس کے عوامی رابطہ افسر راہل شریواستو نے کہا’پردیش میں نئی حکومت کے قیام کے بعد اب تک سو سے زائد پولیس اہلکار معطل کئے جا چکے ہیں۔داغدار پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کا فیصلہ ڈی جی پی جاوید احمد کے حکم کے بعد لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کی صبح تقریبا 11:25پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ دارالحکومت لکھنؤ کی حضرت گنج کوتوالی پہنچے تھے۔یہاں انہوں نے متاثرین کے بنیادی مسائل کے ساتھ محکمہ پولیس میں انتظامات میں کوتاہیوں کی جانکاری لی۔ انہوں نے قانونی مقدموں کو لکھے جانے اور ان کے ازالہ میں کتنا وقت لگتا ہے، اس بابت وہاں کام کرنے والے منشیوں اور سپاہیوں سے پوچھا۔