یوگی آدتیہ ناتھ ہوں گے یوپی کے وزیراعلیٰ

لکھنؤ، 18 مارچ ( یو این آئی) بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ کو بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے ۔ جس کے ساتھ طویل قیاس آرایؤں کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔ وہ اترپردیش کے 32 ویں وزیراعلی ہوں گے ۔یوگی کے نام کی تجویز بی جے پی صدر کیشو پرساد موریہ نے کی اور تقریباً تمام 312 ممبران اسمبلی نے اس کی حمایت کی۔ یوگی جب دیگر سینئر لیڈروں کے ہمراہ یہاں پہنچے تو میٹنگ تاخیر سے ساڑھے پانچ بجے شروع ہوئی۔ بی جے پی ممبران اسمبلی نے یوگی کی حمایت میں نعرے لگائے ۔یہ بھی خبر ہے کہ بی جے پی نائب صدر اور لکھنؤ کے میئر دنیش شرما اور کیشو پرساد موریہ کو یوگی کا نائب منتخب کیا گیا ہے ۔ نئے وزیراعلی کل سہ پہر وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امت شاہ اوردیگر اہم شخصیات کی موجودگی میں عہدہ کا حلف لیں گے ۔بی جے پی کے ریاستی دفتر میں صبح سے ہی سرگرمی شروع ہوگئی تھی۔ ممبران اسمبلی اور ان کے حامیوں کا ہجوم دفتر کے احاطہ میں اکٹھا ہونا شروع ہوگیا تھا۔ لوگ ‘ہر ہر مودی۔ گھر گھر مودی’ کے نعرے لگا رہے تھے ۔ساڑھے چار بجتے بجتے بی جے پی کے تمام 312 نومنتخب اراکین اسمبلی دفتر سے متصل لوک بھون پہنچ گئے ۔ لوک بھون کے آس پاس سخت سیکورٹی بندوبست کیا گیا تھا۔ سیکورٹی کے لئے مرکزی فورسز کی تعیناتی کی گئی تھی۔ شام پانچ بجے میٹنگ شروع ہوئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی زندہ باد کے نعرے لگے ۔ تھوڑی دیر میں مسٹر یوگی کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا۔ بی جے پی کی 15 برسوں کے بعد اقتدار میں واپسی ہوئی ہے ۔اس سے قبل مسٹر یوگی صبح ایک خصوصی طیارہ سے بی جے پی صدر امت شاہ کے بلائے جانے پر دہلی گئے تھے اور دوپہر میں بی جے پی ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ کے ساتھ لکھنؤ لوٹ آئے ۔