جیتو نے جیتا طلائی تمغہ

نئی دہلی، یکم مارچ (یواین آئی) پسٹل کنگ جیتو رائے نے اپنی زبردست کارکردگی جاری رکھتے ہوئے یہاں ڈاکٹر کرن¸ سنگھ شوٹنگ رینج میں آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں بدھ کو 50 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں ہندوستان کو ٹورنامنٹ کا پہلا طلائی تمغہ دلا یا۔ جیتو نے حنا سدھو کے ساتھ مکسڈ ٹیم مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا. لیکن وہ غیر تسلیم شدہ مقابلہ تھا جسے ٹرائل کے طور پر اس عالمی کپ میں شروع کیا گیا تھا۔ اس مقابلے کا طلائی تمغہ ٹیبل میں ہندوستان کے کھاتے میں نہیں جڑا اور آج جیتو نے ایک اور زبردست کارکردگی سے ہندوستان کا کھاتہ طلائی تمغے سے کھول دیا۔50 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں جیتو نے فائنل میں 230.1 پوائنٹس کا عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔ جیتو کا اس ورلڈ کپ میں یہ تیسرا تمغہ ہے ۔ وہ اس سے پہلے 10 میٹر ایئر پسٹل میں کانسے کا تمغہ جیت چکے ہیں اور انہوں نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔ ہندوستان کی اس خوشی کو امن پریت سنگے نے دوگنا کیا جنہوں نے 50 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔اس طرح ہندوستان کے پاس اس مقابلے میں طلائی اور چاندی دونوں آ گئے ۔جیتو اگست میں ہوئے ریو اولمپکس میں 50 میٹر پسٹل مقابلے کے فائنل میں نہیں پہنچ پائے تھے اور 12 ویں نمبر پر رہے تھے ۔ سروسز کے شوٹر جیتو نے اولمپکس کی مایوسی کو ہندوستان کی میزبانی میں پہلی بار یہونے والے ورلڈ کپ میں پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ جیت لیا۔سروسز کے جیتو نے جہاں 230.1 کا اسکور کیا وہیں امنپریت نے 226.9 کے اسکور کے ساتھ سلور جیتا۔ایران کے واحد نے 208.0 کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ جیتو نے 2014 میں میونخ کے ورلڈ کپ میں 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں چاندی اور اسی سال ماریبور ورلڈ کپ میں 50 میٹر پسٹل مقابلے میں چاندی اور 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ ٹورنامنٹ میں اب ہندوستان کے تمغوں کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے ۔ جیتو نے ایک طلائی اور ایک کانسی کا تمغہ، انکر متل نے چاندی کا تمغہ، امنپریت نے چاندی کا تمغہ اور پوجا گھاٹکر نے کانسے کا تمغہ جیت لیا ہے ۔