بہار میں بینک کی شاخیں قائم کرنے کی رفتار سست : صدیقی

پٹنہ، 6مارچ (یو این آئی) بہار کے وزیر خزانہ عبدالباری صدیقی نے آج کہا کہ ریاست میں پانچ ہزار آبادی پر بینک کی شاخ کھولنے کا ہدف کے برخلاف رواں مالی سال میں صرف سات فیصد ہی شاخیں کھل سکی ہیں۔مسٹر صدیقی نے اسمبلی میں آر جے ڈی کے نیرج کمار کے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پانچ ہزار کی آبادی پر بینک کی شاخ کھولنے کے لئے ریزرو بینک آف انڈیا نے بینکوں کو 2016-17 میں 1640نئی شاخیں کھولنے کا ہدف دیا تھا لیکن اس ہدف کے برخلاف اب تک صرف 114 شاخیں ہی کھلی ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بینکوں کے اس عدم تعاون رویے پر انہوں نے کئی مرتبہ آر بی آئی ، بینکوں اور مرکزی وزیر خزانہ کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے ط انہوں نے کہاکہ چار جنوری 2017 کو وزرائے خزانہ کی میٹنگ کے دوران مرکز ی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھایا تھا اور ا س سلسلے میں انہیں الگ سے خط بھی لکھا تھا۔مسٹر صدیقی نے کہا کہ 17فروری کو ریاستی سطح بینکرس کمیٹی کی میٹنگ میں بھی اس معاملے کو اٹھایا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ پانچ ہزار کی آبادی پر بینک کی شاخ کھلوانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔