مودی نے لال بہادر شاستری کی آبائی رہائش گاہ پر زمین پر بیٹھ کر بھجن سنا

وارانسی، 06 مارچ (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں گڈھواگھاٹ آشرم میں گؤسیوا کرنے کے بعد رام نگر میں سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی آبائی رہائش گاہ جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی سیاسی زندگی پر مبنی تصویر کی نمائش دیکھی اور زمین پر بیٹھ کر بھجن سنا۔مسٹر مودی قافلے کے ساتھ انتخابی “روڈ شو” کرتے ہوئے رام نگر کے لال بہادر شاستری چوراہا پہنچے، جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ مجسمہ کے مقام پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان تنگ گلیوں سے ہوتے ہوئے تقریبا 500 میٹر پیدل چل کر میوزیم میں تبدیل لال بہادر شاستری کے آبائی رہائش گاہ پہنچے۔ ملک کے دوسرے وزیر اعظم آنجہانی شاستری کی رہائش گاہ پر وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی بار پہنچے مسٹر مودی نے وہاں ان کی اور بھارت ماتا کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ سابق وزیر اعظم کے خاندان کے ارکان نے مسٹر مودی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے ان کا زوردار استقبال کیا۔ بھارت رتن لال بہادر شاستری کی سیاسی زندگی کے سفر پر مبنی تصاویر کو دیکھنے کے بعد وہ زمین پر بیٹھ کر پوری دلجمعی کے ساتھ بھجن بھی سنا۔ مسٹر مودی تقریبا 25 منٹ وہاں قیام کے بعد اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے روہنیا کے خوشی پور واقع اپنے آخری انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کیلئے روانہ ہوئے۔