ایودھیا معاملے میں سزا کوبھگوان کا پرساد مانوں گی : اوما

نئی دہلی، 07 مارچ (یو این آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر لیڈر اور آبی وسائل و گنگا تحفظ کی مرکزی وزیر اوما بھارتی نے آج کہا کہ انہوں نے ایودھیا تحریک میں حصہ لیا تھا اور بابری مسجد کو منہدم کرنے کے معاملے میں اگر انہیں کوئی سزا ہوئی تو اسے وہ بھگوان کا پرساد مان کر قبول کریں گی۔ محترمہ بھارتی نے اپنی وزارت کے ایک پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ایودھیا تحریک میں ان کی شرکت تھی اور اس پر وہ فخر محسوس کرتی ہیں۔ اس سوال پر کہ بابری مسجد انہدام معاملے میں اگر عدالت انہیں سزا سناتی ہے تو وہ کیا کریں گی، انہوں نے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کو قبول کریں گی اور اس بھگوان کا پرساد مانیں گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں محترمہ بھارتی نے کہا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت ہوگی۔ لیکن انہوں نے اس بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ پارٹی کسے وزیر اعلی بنایے گی۔