آج کا شماره | اردو | हिन्दी | English
Politics

حکومت امریکہ میں ہندوستانیوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے :راجناتھ

RAJNATH
Written by Tariq Hasan

نئی دہلی 9 مارچ (یو این آئی) حکومت نے آج کہا کہ امریکہ میں مقیم ہندستانی کمیونٹی کے لوگوں کے خلاف تشدد کے واقعات کو اس نے سنجیدگی سے لیا ہے اور ان کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے پہلے دن آج لوک سبھا میں وقفہ سوالات اور پھر وقفہ صفر کے دوران مختلف جماعتوں کے اراکین نے امریکہ میں تارکین وطن کے خلاف ہو نے والے تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اراکین کا کہنا تھا کہ ان معاملات کو امریکی انتظامیہ کے سامنے سختی سے اٹھایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے حکومت سے اس ضمن میں کئے گئے اقدامات سے ایوان کو آگاہ کرانے کا مطالبہ کیا۔مسٹر سنگھ نے اس پر کہا کہ امریکہ میں تارکین وطن کے خلاف حالیہ تشدد کے جو بھی واقعات ہوئے ہیں انہیں حکومت نے نہایت سنجیدگی سے لیا ہے ۔ یہ واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں۔ان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ حکومت اپنی جانب سے ایسے تمام اقدام کررہی ہے جن سے امریکہ میں آباد ہندستانی خود کو محفوظ محسوس کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج اس وقت بیمار ہیں اس لیے امریکہ میں ہو رہے واقعات اور ان کے سلسلے میں حکومت ہند کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں اگلے ہفتے ایوان میں تفصیلات دی جائیں گی۔ایوان میں وقفہ سوالات اور پھر وقفہ صفر کے دوران کانگریس، ترنمول کانگریس، راشٹریہ جنتا دل، سماج وادی پارٹی، تلنگانہ راشٹر سمیتی اور بایاں محاذ کے اراکین نے امریکہ میں مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ہندوستانیوں پر ہو رہے پر تشدد حملوں کا معاملہ پرزور طریقہ سے اٹھایا۔

About the author

Tariq Hasan