ریزرویشن ختم کرنے والوں سے چوکنا رہنے کی ضرورت : نتیش

پٹنہ 09 مارچ (اسٹاف رپورٹر): بہار میں حکمراں اتحاد کے دو بڑے رہنما وزیراعلیٰ نتیش کمار اور آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو نے جمعرات کو ایک ساتھ مرکز کی نریندر مودی حکومت کو جم کر نشانہ بنایا۔دونوں نے اسٹیج بھی شیئر کیا اور اتحادی حکومت کی تعریف بھی کی۔ موقع تھا رام لکھن سنگھ یادو کی یوم پیدائش تقریب کا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی نظر ریزرویشن ختم کرنے پر ہے۔ اس لئے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت پسماندہ ،دلتوں، مہادلتوں اور اقلیتوں کو ان کے حق سے محروم کرنا چاہتی ہے اس لئے ان قوتوں کے خلاف سماجی اتفاق رائے اور اتحاد قائم رہنا انتہائی ضروری ہے تاکہ کمزور طبقہ کونقصان نہ پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو بانٹنے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے بلکہ ہم آہنگی اور محبت بڑھانے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ بہار میں شراب بندی سے سماجی تبدیلی آئی ہے ۔ شراب بندی نافذ ہوئی تو غریب کنبوں میں چین و سکون آیا ہے اور ریاست میں ایک نئی سماجی تبدیلی کی بنیاد پڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو متحد رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش ہونی چاہئے ۔ دوسری طرف لالو یادو نے دعویٰ کیا کہ اتحاد چٹان کی طرح مضبوط ہے۔نتیش کمار بہترین کام کررہے ہیں۔ وہ ریاست کی ترقی کیلئے لگاتار محنت کررہے ہیں اور اتحاد کے منصوبوں پر عمل کررہے ہیں۔ لالو نے دعویٰ کیا کہ اتحاد میں شامل سبھی پارٹیوں کے درمیان بہترین تامل میل ہے اس لئے کسی کو بھی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جس سے حکومت کی بدنامی ہو۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اتحاد میں درار کی باتیں کررہے ہیں یہ ان کا بھرم ہے۔ کچھ لوگ مذہب اور ذات کے نام پر بہار کے لوگوں کوبانٹنا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ اترپردیش اسمبلی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا کہ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس اتحاد کی حکومت بن رہی ہے اور اکھلیش یادو ایک بار پھر وزیراعلیٰ بنیں گے۔ اس لئے ہمیں اب لوک سبھا انتخاب کی تیاری شروع کردینی چاہئے۔