فولاد سے 5 گنا مضبوط ہائیڈروجل کپڑا تیار

جاپان میں ہوکائیڈو یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ہائیڈروجیل پر مشتمل ایک ایسا ہلکا پھلکا کپڑا تیار کیا ہے جو نہ صرف بے حد لچک دار ہے بلکہ فولاد سے 5 گنا زیادہ مضبوط بھی ہے۔ یہ کپڑا جسے ایف آر ایس سی یعنی ’فائبر ری انفورسڈ سافٹ کمپوزٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، پانی سے بھرپور ہائیڈروجل اور گلاس فائبر فیبرک کو منفرد انداز میں یکجا کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ اپنی مضبوطی، لچک اور پائیداری کی بناء پر یہ کپڑا بلٹ پروف جیکٹوں سے لے کر ہڈیاں جوڑنے والی پٹیوں تک میں استعمال کیا جاسکے گا۔ بظاہر آسان نظر آنے والی اس کامیابی تک پہنچنے میں جاپانی سائنسدانوں کو کئی سال لگے ہیں اور اس دوران وہ گلاس فائبر اور ہائیڈروجل کو مؤثر طور پر آپس میں ملانے کی کوششوں میں ناکام ہوئے تھے۔ ہائیڈروجل بہت ہلکا پھلکا اور لچک دار ضرور ہوتا ہے لیکن اتنا کمزور بھی ہوتا ہے کہ دباؤ پڑنے پر ٹوٹ جاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں گلاس فائبر اپنی مضبوطی اور پائیداری کی وجہ سے مشہور ہے جسے ہمارے یہاں عام طور پر پانی کی ہلکی لیکن مضبوط ٹنکیاں بنانے میں بکثرت استعمال کیا جاتا ہے مگر وہ بالکل بے لچک ہوتا ہے جسے کھینچا یا موڑا نہیں جاسکتا۔ ہوکائیڈو یونیورسٹی میں ماہرین نے طویل کوششوں کے بعد بالآخر ان دونوں مادّوں کو یکجا کرنے میں کامیابی حاصل کر ہی لی اور نتیجتاً ایک ایسا کپڑا وجود میں آیا ہے جو لچک دار ہونے کے ساتھ ساتھ عام گلاس فائبر کے مقابلے میں 25 گنا اور کاربن فولاد (کاربن اسٹیل) کے مقابلے میں بھی 5 گنا زیادہ مضبوط ہے جب کہ اپنی گوناگوں خوبیوں کے باعث کثیر المقاصد بھی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس نئے ہائیڈروجل کپڑے کے لیے امکانات اور اطلاق کی اتنی وسیع دنیا موجود ہے کہ شاید ہی کسی شعبے میں اس کا استعمال ممکن نہ ہو۔ اس ایجاد کی تمام تکنیکی تفصیلات ریسرچ جرنل ’ایڈوانسڈ فنکشنل مٹیریلز‘ میں شائع ہوئی ہیں۔