مودی نے پارلیمنٹ میں مثبت بحث اور جی ایس ٹی پر کامیابی کی امید ظاہر کی

نئی دہلی، 9مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں پارلیمنٹ میں مثبت بحث ہونے اور جی ایس ٹی سے متعلق بل منظور ہونے کی امید ظاہر کی۔مسٹر مودی نے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے آج پہلے دن پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے سے قبل پارلیمنٹ ہاوس میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں بحث کا میعار کافی اونچا رہے گا اور غریبوں کے بہود سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے اجلاس کے دوران جی ایس ٹی سے متعلق تمام معاملات کو نمٹانے کی امید ظاہر کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ اجلاس کے درمیان ایک وقفہ کے بعد لوگ ایک بار پھر بیٹھ رہے ہیں ۔ اس میں خاص طور پر بجٹ کی باریک نکات پر بحث ہوگی۔ مجھے یقین ہے کہ بحث کا میعار بہت اوپر جائے گا۔ ملک کے غریبوں کے لئے کام آنے والی باتوں پر توجہ مرکوز کی جانے والی بات چیت ہوگی۔جی ایس ٹی کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی امید ہے کہ جی ایس ٹی میں بھی ایک کامیابی ملے گی۔اور ایسا ہونے کی وجہ یہ ہے کہ تمام ریاستوں کا بہت ہی مثبت تعاون رہا ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کا بھی کافی مثبت تعاون رہا ہے ۔ جمہوری طریقے سے وسیع بحث و مباحثہ کرتے کرتے کچھ نتائج پر اتفاق رائے سے ہم لوگ آگے بڑھے ہیں۔ اسی وجہ سے جی ایس ٹی اس اجلاس میں مکمل ہوجائے ، اس سمت میں بھی کوشش کی جارہی ہے اور امید ہے کہ سب کا تعاون رہے گا۔”