سب سے زیادہ دن اتر پردیش کا وزیر اعلی رہنے کا ریکارڈ اکھلیش کے نام

لکھنؤ 10 مارچ (یو این آئی) اترپردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج کل آنے کے بعد اکھلیش یادو دوبارہ وزیر اعلی بنتے ہیں یا نہیں یہ الگ بات ہے لیکن مسٹر یادو نے ایک بار میں بطور وزیر اعلی پانچ برس کی مدت مکمل کرنے کا ریکارڈ بنا لیا ہے ۔یوں تو کئی لیڈر وقفہ وقفہ س ریاست کے وزیر اعلی کے عہدے پر پانچ سال سے بھی زیادہ وقت تک رہے ہیں لیکن ایک بار میں 1825 دن مسلسل وزیر اعلی رہنے کا ریکارڈ مسٹر یادو کے نام پر درج ہوگا۔ ایس پی صدر نے 15 مارچ 2012 کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا۔اس بار ہولی کی وجہ سے 14 مارچ سے پہلے نئی حکومت کے حلف لینے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔اس سے پہلے اتر پردیش کے پہلے وزیر اعلی گووند ولبھ پنت چار سال تک وزیر اعلی رہے ۔ انہوں نے 335 دن دو مدت میں پورے کئے تھے ۔ڈاکٹر سمپورنانند تین بار وزیر اعلی رہے لیکن انہوں نے پانچ سال کی مدت مکمل نہیں کی۔بی ایس پی صدر مایاوتی نے 2007 سے 2012 تک کے اپنے وزیراعلی کے دور میں چار سال 307 دن حکومت کی۔وہ مسٹر یادو کے دور سے 58 دن اس عہدے پر کم رہیں۔ ملائم سنگھ یادو 2003 سے 2007 کی مدت میں تین سال 257 دن وزیر اعلی رہے ۔ محترمہ مایاوتی پہلی بار 137 دن، دوسری بار 184 دن اور تیسری بار ایک سال اور 118 دن وزیر اعلی رہیں۔ملائم سنگھ یادو کا پہلا دور ایک سال 201 دن اور دوسری مدت ایک سال 181 دن رہی۔ کانگریس کے نارائن دت تیواری تین بار ریاست کے وزیر اعلی رہے لیکن ان کا سب سے طویل تیسرا دور رہا جس میں وہ 1988 سے 1989 تک وزیر اعلی رہے تیسرے دور میں وہ ایک سال 163 دن اس عہدے پر تھے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راج ناتھ سنگھ ایک سال 131 دن وزیر اعلی کے عہدے پر رہے تھے ۔