ڈی ویلیئرز ون ڈے کے عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے

دبئی: نیوزی لینڈ کے خلاف کے پانچ میچوں میں 262 رنز بنا کر سیریز کے سب سے کامیاب بلے باز رہے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز عمدہ کارکردگی کی بدولت ڈیوڈ وارنر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک روزہ درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔ ڈی ویلیئرز 2010 میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بلے باز ہیں اور اس کے بعد سے دسواں موقع ہے کہ جب وہ عالمی نمبر ایک بلے باز بنے ہیں۔ جنوبی افریقی بلے باز کی حال ہی میں عمدہ بیٹنگ کی بدولت عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائض ہوئے ہیں جہاں وہ پانچ میچوں میں 262 رنز بنا کر سیریز کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ آئی سی سی کے مطابق 2009 کے بعد سے ڈی ویلیئرز آج تک ون ڈے کے صف اول کے پانچ بلے بلے بازوں کی فہرست سے باہر نہیں ہوئے۔ اس فہرست میں ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ وارنر کے بعد ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ جو روٹ چار درجے ترقی کرتے ہوئے چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ فاسٹ باؤلرز کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا پہلی مرتبہ بہترین پانچ باؤلرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جہاں وہ عمران طاہر، سنیل نارائن، مچل اسٹارک اور ٹرینٹ بولٹ کے بعد پانچویں بہترین باؤلر ہیں۔ زمبابوے کے خلاف عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے افغانستان کے محمد نبی کیریئر کی بہترین ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ کرس ووکس نو درجہ ترقی کے بعد کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین باؤلرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں اور نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔