یوپی، اتراکھنڈ میں بھاجپا،پنجاب پرکانگریس کاقبضہ

لکھنؤ؍چنڈی گڑھ(ایجنسیاں): بی جے پی نے اترپردیش میں 26سال بعد اقتدار میں دھماکہ دار واپسی کی ہے۔ پارٹی نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کرریاستی اسمبلی کی 403سیٹوں میں سے 325 پر قبضہ کرکے تین چوتھائی سے بھی بڑی اکثریت حاصل کی ہے۔کانگریس ایس پی اتحاد محض 54 سیٹوں پر سمٹ کر رہ گیا ہے۔ بہوجن سماج پارٹی 19اور آرایل ڈی ودیگر پارٹیاں 5سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔ انتخابی نتائج آنے کے بعد وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے اپنا استعفیٰ گورنر رام نائک کو سونپ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوپی میں کراری شکست کے باوجود کانگریس اور سماجوادی پارٹی کا اتحاد آگے بھی برقرار رہے گا۔ ریاست کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا فیصلہ بی جے پی پارلیمانی بورڈکی کل شام لکھنؤ میں ہونے والی میٹنگ میں لیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ کی دوڑ میں جو نام سب سے آگے چل رہے ہیں۔ ان میں ریاستی بی جے پی کے صدر کیشو پرساد موریہ، پارٹی کے ایم پی یوگی آدتیہ ناتھ، ریلوے کے وزیر مملکت منوج سنہا، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور دنیش شرما کے نام شامل ہیں۔ بی جے پی نے اتراکھنڈ میں بھی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 70 نفری اسمبلی میں57 سیٹیں جیت کر تقریباََ دو تہائی اکثریت کے ساتھ اقتدار حاصل کرلیا ہے۔ حکمراں کانگریس کو یہاں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وہ صرف 11 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوسکی ہے۔ کانگریس کے وزیر اعلیٰ ہریش راوت دو حلقوں سے انتخاب لڑرہے تھے اور دونوں سیٹوں پر انہیں شکست کاسامنا کرنا پڑا ہے۔ شکست کے بعد ہریش راوت نے بھی اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے۔ کانگریس نے پنجاب میں دس سال بعد اکالی دل۔ بی جے پی اتحاد کو شکست دے کر اقتدار میں شاندار واپسی کی ہے۔ کانگریس نے 117 نفری پنجاب اسمبلی میں 77سیٹیں جیتنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پہلی بار ریاستی اسمبلی کا انتخاب لڑرہی عام آدمی پارٹی 20سیٹیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی ہے۔ جبکہ حکمراں بی جے پی۔ اکالی اتحاد 18 سیٹوں پر سمٹ کر رہ گیا ہے۔ کانگریس نے منی پور اور گوا میں بھی بہتر کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ پارٹی ان دونوں ریاستوں میں سب سے بڑی پارٹی بن کر اقتدار کے قریب پہنچ گئی ہے۔منی پور کی 60 نفری اسمبلی میں کانگریس نے 28 سیٹیں جیتی ہیں۔ بی جے پی تمام تر کوششوں کے باوجود 21 سیٹوں پر رک گئی ہے۔ این پی ایف 4 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ ایک سیٹ ترنمول کانگریس نے بھی جیتی ہے۔ گوا میں حکمراں بی جے پی کو شکست کا سامنا ہے۔ پارٹی 40نفری اسمبلی میں محض 13 سیٹیں جیت کر اقتدار سے دور ہوگئی ہے۔ جبکہ کانگریس نے 17سیٹیں جیت کر حکومت سازی کا اپنا دعویٰ مضبوط کرلیا ہے۔ ایم جی پی تین سیٹیں اور دیگر 7 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔ جن کا حکومت سازی میں اہم رول ہوسکتا ہے۔ گوا میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ لکشمی کانت پارسیکر اپنی سیٹ بچانے میں ناکام رہے ہیں۔