آرجے ڈی اور لالو کے رہتے بہار میں بی جے پی راج نہیں : تیجسوی

پٹنہ 15 مارچ (اشرف استھانوی): بہار اسمبلی میں آج جیت کے نشے میں شرشار بی جے پی ارکان انتہائی جارحانہ انداز میں نظر آئے۔ وقفہ سوالات کے دوران بی جے پی کے ارکان بکسر میں اکزکیوٹیو انجینئر کے ذریعہ مبینہ طور پر بی جے پی کارکنوں کو ہراساں کئے جانے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اکزکیوٹیو انجینئر کی برطرفی کامطالبہ کیا۔ بی جے پی ارکان اس قدر مشتعل تھے کہ انہوں نے پرامن رہنے کی اسپیکر کی تمام اپیلوں کو بھی مسترد کردیا۔ جس کے نتیجے میں ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔ التوا کے بعد اپوزیشن کے لیڈر پریم کمار نے اسمبلی احاطہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش سمیت چار ریاستوں میں بی جے پی کی تاریخ ساز فتح کا اثر بہار میں حکمراں اتحاد پرپڑنے لگا ہے۔ اتحاد میں دراڑ بڑھتی جارہی ہے اور کبھی بھی حکومت گرسکتی ہے۔ بی جے پی کے نند کشور یادو نے بھی اسی طرح کی بات کرتے ہوئے حکمراں اتحادکے ٹوٹنے کی پیش گوئی کی اور جلد ہی بہار پر بھی بھگوا جھنڈا لہرانے کا دعویٰ کیا۔ دوسری طرف راشٹریہ جنتا دل کے قومی نائب صدر ڈاکٹر رگھوونش پرساد سنگھ کی طرف سے وزیر اعلی نتیش کمار کے خلاف دئے گئے بیان پر پہلی مرتبہ پارٹی کے سربراہ لالو پرساد یادو کے خاندان کی طرف سے ناراضگی ظاہر کی گئی ۔ڈاکٹر سنگھ کے تازہ بیان پر آر جے ڈی سربراہ کی اہلیہ اور سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ان کے بیان کونازیبا قرار دیا اور کہاکہ پارٹی کے سینئر لیڈر کو مہاگٹھ بندھن کے خلاف ایسا بیان نہیں دینا چاہئے ۔محترمہ رابڑی دیوی نے جنتا دل یو لیڈروں کو بھی بیان بازی نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ ایسے بیانات سے بی جے پی کو ہی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ مہاگٹھ بندھن کے اتحاد کی وجہ سے ہی آج بہار میں بی جے پی اقتدار سے باہر ہے ۔ جب کہ مسٹر یادو کے چھوٹے بیٹے اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر آئند ہ مسٹر سنگھ ایسا بیان دیتے ہیں تو وہ آر جے ڈی سربراہ سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بہار میں بی جے پی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ یہ لوگ حکمراں اتحاد کو کمزور کرکے اقتدار ہتھیانے کی سازش کررہے ہیں لیکن جب تک راشٹریہ جنتا دل اور اس کے سربراہ لالو پرساد یادو بہار میں ہیں بہار میں بھگوا جھنڈا نہیں لہرانے دیا جائے گا۔