مہاراشٹر اسمبلی کی گیلری میں پہلی بارباحجاب مسلم لڑکیوں کی حاضری

مالیگاؤں ، 16؍ مارچ،(یواین آئی) مہاراشٹر اسمبلی میں آج پہلی مرتبہ مسلم برقع پوش لڑکیوں نے اسٹڈی وزٹ کے ذریعے اپنی حاضری درج کرائی۔ یہ اس وقت ممکن ہوسکا جب پاورلوم کے شہر مالیگاؤں سے کانگریس کے رُکن اسمبلی آصف شیخ نے اپنے حلقہ کے مختلف کالجوں سے بیس لڑکوں بیس لڑکیوں کو ایوان اسمبلی کا مشاہدہ کرنے کیلئے مدعو کیا۔گرچہ کسانوں کیلئے قرض معافی کے سوال پر ایوان اسمبلی کے دونوں ایوانوں کی کارروائی اپوزیشن کے شور شرابے اور ہنگاموں کی نذر ہوگئی تاہم طلبہ و طالبات کی دونوں ایوانوں کی گیلری میں آصف شیخ نے خود کلاس لی اور انھیں کارروائی کے قانونی نقاط ، ایوان کے ڈسپلن اور قانون سازی کے رموز نکات سمجھائے ۔اس موقع پر طلبہ کو اسمبلی کے سنٹرل ہال میں بھی بیٹھنے کا موقع ملا جہاں انفارمیشن ریسرچ آفیسربابا واگھمارے نے ایوان سے متعلق اہم معلومات فراہم کروائی اور طلبہ کے سوالوں کے جواب بھی دیئے ۔اسمبلی وزٹ کے دوران طلبہ نے ریاستی وزیر تعلیم ونود تاوڑے سے خصوصی ملاقات کی اور ریاست میں تعلیمی معیار، اعلیٰ تعلیم ، اساتذہ کے مسائل پر گفتگو کی ۔ جے اے ٹی گرلز کالج کی طالبہ زینب فاطمہ صدیقی نے جب وزیر تعلیم سے پوچھا کہ مہاراشٹر ریاست کا تعلیمی نظام ڈونیشن مُکت کب ہوگا؟؟ تو وزیر تعلیم ہنس پڑے اور کہا کہ ہم تعلیمی نظام میں شفافیت لانے کیلئے بہت سارے اقدامات کررہے ہیں جو بظاہر تلخ معلوم ہوتے ہیں ۔مالیگاؤں کے طلبہ نے سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان سے بھی ملاقات کی او رمہاراشٹر میں اعلیٰ تعلیم کیلئے ریزرویشن کی پالیسی پر اُن سے گفتگو کی گئی۔اس اسٹڈی وزٹ کے نگراں پروفیسر خان سلیم احمد نے یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک عرصہ سے پالیٹیکل سائنس کے طلبہ کو پارلیمنٹ اور اسمبلی کی کارروائی کے بارے میں پڑھاتے آئے ہیں یہ اُن کی نصابی سرگرمی کا حصہ ہے ۔لیکن یہ پہلا موقع ہے جب تعلیم دوست ایم ایل اے آصف شیخ کی پہل پر آج چالیس طلبہ و طالبات کو ممبئی لاکر ودھان بھون کی سیرا کرائی گئی۔ یقینی طور پر طلبہ نے آج کی وزٹ سے بھرپور استفادہ کیا ۔