سربلندی چاہئے تو تعلیم کے میدان میں برتری حاصل کریں مسلمان : ڈاکٹر محمد گوہر

دربھنگہ:۲۰؍ مارچ (عبد المتین قاسمی ) تعلیم کے میدان میں برتری حاصل کرنا ہی مسلمانوں کی سربلندی کا واحد ذریعہ ہے ۔ حال کے دنوں میں مسلم معاشرہ میں تعلیم کے تئیں بیداری دیکھی جارہی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ اسے مزید تیز تر کیا جائے ۔ مذکورہ باتیں روز نامہ تاثیر پٹنہ کے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر محمد گوہر نے بہار انجمن دربھنگہ کے زیراہتمام علامہ اقبال لائبریری بی بی پاکر دربھنگہ میں منعقد علمی مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ماحول بنانے کیلئے بہار انجمن جیسی رفاہی تنظیمیں زمینی سطح پر اچھا کام کررہی ہیں ۔ یہ ملت کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ علم کا حاصل کرنا اسلامی تعلیمات کی روح ہے اور اس کی تلقین مختلف انداز میں قرآن وسنت میں کی گئی ہے ۔ ایسے ماحول میں جبکہ اسلام مخالف طاقتیں مسلمانوں کو حاشیہ پر ڈھکیلے کی سازشیں کررہی ہیں تعلیمی شعبہ میں ہماری اونچی اڑان ہی کامیابی اور کامرانی کا ضامن ہے ۔ پروگرام کا افتتاح حافظ ارشاد عالم کی تلاوت قرآن پاک اور مفتی جاوید اختر قاسمی (ناظم مدرسہ تعلیم القرآن بھیگو ) کے نعتیہ کلام سے ہوا ۔ اس سے قبل کنوینر ڈاکٹر اے این آرزو اور شاہد اطہر نے گلدستہ پیش کرکے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ نظامت کے فرائض صحافی مولانا عبد المتین قاسمی(صدر شہری جمعےۃ علماء ضلع دربھنگہ ) نے منفرد لب و لہجہ میں انجام دیا ۔ اس موقع پر مانو بی ایڈ کالج چندن پٹی کے پرنسپل ڈاکٹر فیض احمد نے بہار انجمن کی تعلیمی خدمات کیلئے ذمہ داران کو مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کی حالت یہ ہے کہ ان کے اندر شوق تو بہت زیادہ ہے ،لیکن محنت بہت کم ہے ۔شوق کے ساتھ ساتھ اتنی ہی محنت کی ضرورت ہے ۔ بہار انجمن کے کنوینر انعام خان نے بہار اور جھارکھنڈ دونوں صوبو ں میں مسلم طلبہ و طالبات کی تعلیم پر جاری اخراجات کی تفصیل پیش کی اور تعلیم کا شوق رکھنے والے غریب بچوں کی مدد کے طور طریق کی جانکاری دی مخیر حضرات سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ۔ ڈاکٹر عبد المقسط (پرنسپل مانو پالی ٹیکنیک کالج چندن پٹی ) نے ٹیکنیکل تعلیم کے عنوان سے تفصیلی اظہار خیال کیا اور مسلم معاشرہ کو ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے اورطلبہ و طالبات کو خود کے اندر صلاحیت پیدا کرنے کی تلقین کی ۔ انہو ں نے زور دے کر کہا کہ ٹیکنیکل تعلیم کے بدولت آپ چاہیں تو ملازمت دینے والے بن سکتے ہیں ۔ شمالی بہار میں انڈسٹری قائم کرنے کے بہت سے مواقع ہے اور ابھی میدان خالی ہے لوگ اس سمت میں پیش قدمی کرسکتے ہیں ۔ پیس فاؤنڈیشن کے چےئرمین نوشاد انصاری نے مسلمان اور سرکاری ملازمت کے عنوان سے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے توسط سے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں مسلمانوں کی شرح ملازمت کی تفصیلات پیش کی اور اس میں بڑھوتری پر زور دیا ۔ ضلع انفارمیشن افسر احمد حسین انصاری نے بھی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالا اور سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی وکالت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف سرجن ڈاکٹر عبد الوہاب نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں کی قدر کریں اور اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمی اداروں میں داخل کروائیں تاکہ وہ اسلامی نہج پر پڑھ لکھ کر آگے بڑھ سکیں ۔ پروگرام کے کنوینر شاہد اطہر نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے رہبر کوچنگ دربھنگہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالا اور اعلان کیا کہ وہ دربھنگہ میں رحمانی ۳۰ کے طرز پر انجمن ۳۰ کے تحت ڈپلوما انجینئرنگ میں داخلہ کی تیاری کیلئے مفت کوچنگ فراہم کرانے کی تیاری کرچکے ہیں اور اس کیلئے اہل ۳۰ بچوں کو چننے کیلئے ٹسٹ لیا گیا ہے ۔ تیاری کے بعد اگر یہ بچے مانو اور دیگر ادارو ں میں داخلہ پانے میں کامیاب ہوجائیں گے تو بہار انجمن سے دوسرے اضلاع میں بھی شروع کرنے پر غور ہوگا ۔ اخیر میں صدر نشست نیاز احمد (ریٹائرڈ اے ڈی ایم ) نے مسلم معاشرہ کے اندر تعلیم کے فروغ کی عملی کوششوں کیلئے بہار انجمن کی کوششوں کو سراہا اور بہت سے مفید مشورے دئیے ۔ کنویر ڈاکٹر اے این آرزو کے کلمات تشکر پر پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔ پروگرام کے بعد دربھنگہ حیاگھاٹ ، بردی پور ، رتن پورہ رہبر کوچنگ سینٹر کے ذمہ داران اور اساتذہ نے ڈاکٹر احمد نسیم آرزو کو بہار انجمن دربھنگہ چیپٹر کے امیر اور دربھنگہ رہبر کوچنگ سینٹر کا ڈائرکٹر نامزد کیا ۔ پروگرام میں سی ایم لاء کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر محمد بدر عالم ، آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے صدر نظر عالم ، ڈاکٹر ایوب راعین ، ابرار احمد ، قیو ایم آر رحمن فیض (ڈائرکٹر آپٹیمم انٹر نیشنل اسکول دربھنگہ )، وارڈ کاؤنسلر نفیس الحق رنکو ، المائٹی پبلک اسکول کے پرنسپل جناب مسٹر ، میری گولڈ انگلش اسکول کے پرنسپل خالد انصاری ، ڈاکٹر دلشاد انور ،کریم اللہ (نمائندہ تاثیر مدھوبنی )ڈاکٹر محمد آفتاب عالم ، وصی احمد شمشاد ، مہدی رضا روشن القادری ، عبد المنان ، الحاج انعام الحق ، ضلع پریشد رکن جمال اطہر رومی ،مفتی مبین قاسمی ،فاطمہ زہرہ اکیڈمی کے پرنسپل افروز خان اور الہلا اسپتال کے منیجر محمد جمیل بطور خاص شریک تھے ۔