سعودی عرب کا خطے میں اہم کردار ہے: جاپانی وزیراعظم

ٹوکیو: جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا خلیج کے خطے میں اہم کردار ہے اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا جاپان کا حالیہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل تھا۔ العربیہ نیوز چینل سے ایک خصوصی انٹرویو میںشنزو ایبے نے کہا کہ ان کے سعودی عرب کے شاہی خاندان سے 1971ء سے مضبوط خاندانی روابط استوار ہیں۔ تب مرحوم شاہ فیصل جاپان کے دورے کے موقع پر شنزو ایبے کے دادا اور اس وقت جاپان کے وزیراعظم نوبو سوکی کیشی کے گھر بھی آئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ انھوں نے اپنے وزارت عظمیٰ کے دونوں ادوار میں دو مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کیا ہے اور وہ ذاتی طور پر سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں یہ شراکت داری تیل اور توانائی کی سکیورٹی سے آگے بڑھ کر اب معیشت، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی تک جا پہنچی ہے۔