بہارکے بجلی صارفین کو زوردار جھٹکا

پٹنہ 24 مارچ (اسٹاف رپورٹر): بہار کے بجلی صارفین کو آج اس وقت زور کا جھٹکا لگا جب ریاست میں بجلی کی شرح 55 فیصد تک کا زبردست اضافہ کردیا گیا۔ بجلی ریگولیٹری کمیشن نے اس اضافے کی منظوری دی ہے۔ بڑھی ہوئی شرح یکم اپریل سے نافذ ہوگی۔ ریاست میں بجلی کی شرح میں یہ اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔ کمیشن کے چیئرمین ایس کے نیگی ،ممبر راجیو امیت اور آر کے چودھری نے بتایا کہ بجلی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے خسارہ اور ان کی ضرورت ، گذشتہ سال کے خسارے کی تلافی اور دیگر ریاستوں کی شرح کا جائزہ لینے کے بعد غیر جانبدارانہ طریقے سے اضافے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ گذشتہ پانچ برسوں سے ریاست میں بجلی کی شرح تقریباََ ایک جگہ ٹھہری ہوئی تھی۔ صرف 2015-16 میں ڈھائی فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ اس کے پہلے بھی دو برسوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا تھا۔ پچھلے سال بھی پرانی شرح کو بھی برقراررکھا گیا تھا۔ نئی شرح میں کٹیر جیوتی اور دیہی صارفین پر زیادہ اثر پڑا ہے۔ بی پی ایل، بغیر میٹر والے دیہی عوام اب 60 روپئے ماہانہ کے بدلے 350 روپئے دینے پڑیں گے۔ اسی طرح میٹر والے صارفین کو 50 یونٹ تک 5روپئے 75 پیسے فی یونٹ خرچ کرنا پڑے گا۔ایک سے 100 یونٹ تک اب 5.75 کی شرح سے بجلی بل دینا ہوگا۔ جبکہ پہلے یہ صرف 3 روپئے فی یونٹ تھا۔ 101 سے 200 یونٹ تک 3روپئے 65 پیسے کے بجائے اب 6 روپئے 25 پیسے ادا کرنے ہوں گے۔ 201 سے 300 یونٹ تک 7 روپئے 25 پیسے اور 300 سے زیادہ یونٹ پر 8 روپئے فی یونٹ ادا کرنا ہوگا۔