فٹ رہا تو 2019 کا ورلڈ کپ بھی کھیلوں گا: دھونی

نئی دہلی، 24 مارچ (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا اور وہ فٹ رہتے ہیں تو 2019 کا ورلڈ کپ اور اس کے بعد بھی کھیل سکتے ہیں۔ 35 سالہ دھونی نے اس سال کے شروع میں محدود اوور کرکٹ کی کپتانی چھوڑ دی تھی۔ اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں انہوں نے سنچری بنائی اور ٹوئنٹی -20 میں اپنی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی تھی ۔ہندوستانی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے بعد دھونی کو وجے ہزارے ٹرافی میں جھارکھنڈ کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا اور وہ ٹیم کو سیمی فائنل تک لے کر گئے ۔ وکٹ کیپر دھونی نے انگلینڈ میں جون میں ہونے والی چیمپئنس ٹرافی کے بعد ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائی پر روک لگاتے ہوئے اشارہ دیا کہ فی الحال ابھی ریٹائرمنٹ لینے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا، “دنیا میں کچھ بھی 100 فیصد نہیں ہوتا۔ دو سال بہت طویل وقت ہوتا ہے ، اس دوران بہت کچھ تبدیلی ہوسکتی ہے ۔ خاص طور پر جس طرح کا ہندوستانی ٹیم کا پروگرام ہے یہ کافی مصروف ہوتاہے ۔ ” سال 2013 میں اپنی کپتانی میں ہندوستانی کو چیمپئنز ٹرافی جیتانے والے دھونی نے کہا “اگر آپ کو دس سال تک کرکٹ کھیلنا ہے تو آپ تھوڑے ونٹیج کار جیسے ہو جاتے ہو، آپ کو اپنی فٹنس کا زیادہ خیال رکھنا پڑتا ہے ۔ جس طرح سے ساری چیزیں صحیح جا رہی ہیں یقینی طور پر میں 2019 ورلڈ کپ بھی کھیلوں گا۔ “ہندوستان کیلئے اب تک 90 ٹیسٹ، 286 ون ڈے اور 76 ٹوئنٹی -20 بین الاقوامی میچ کھیلنے والے دھونی نے کہا، “دو سال میں بہت کچھ ہو سکتا ہے ۔ جی ہاں، میں آج جتنا فٹ ہوں میں آسانی سے 2019 کے بعد بھی کھیل سکتا ہوں۔”