گایکواڈ کے فضائی سفر پر پابندی ، واپسی ٹکٹ کینسل

نئی دہلی 24 مارچ (یو این آئی) ایئر انڈیا کے ایک ملازم کو چپل سے پیٹنے والے شیوسینا کے پارلیمانی رکن رویندر گایکواڈ کو پرواز کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں نے ہوائی سفر سے روک دیا ہے اور ائر انڈیا نے فوری طور پراس پابندی پر کارروائی کرتے ہوئے ان کا آج کا پنے واپس جانے کا ٹکٹ منسوخ کر دیا ہے ۔ سرکاری ہوائی خدمات کمپنی ایئر انڈیا کے ایک ترجمان نے مسٹر گایکواڈ کا ٹکٹ منسوخ کئے جانے کی تصدیق کی ہے ۔ وہ جمعرات کی صبح ایئر انڈیا کی پنے سے دہلی آئے تھے . ان کے پاس بزنس کلاس کا اوپن ٹکٹ تھا. لیکن انہوں نے پرواز نمبر اے اي 852 میں ٹکٹ بک کرایا تھا جس میں تمام نشستیں اکنامی کلاس کی ہوتی ہیں۔ بزنس کلاس میں سیٹ نہیں دیئے جانے پر انہوں نے ہوائی جہاز کے دہلی پہنچنے پر ہنگامہ کیا اور سمجھانے بجھانے کی کوشش کرنے والے ای افسر کی چپل سے پٹائی کر دی تھی۔ تمام ایئر لائینوں نے بہ یک زبان اس واقعے کی مذمت کی ہے اور اپنی پروازوں میں ان کے سفر پر پابندی لگا دی ہے ۔ مسٹر گایکواڈ کا الزام ہے کہ ملازم نے ان سے بے ادبی سے بات کی تھی۔ آج بھی انہوں نے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو میں اپنے رویئے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے کئے پر کوئی افسوس یا شرمندگی نہیں ۔