بدعنوانی کے الزام: 1400 افغان اہلکار ملازمت سے برطرف

کابل: افغانستان کی وزارت دفاع نے بدعنوانی کے الزام میں اعلیٰ فوجی عہدیداروں سمیت 1400 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ہلال الدین ہلال نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران وزارت دفاع سے بدعنوانی کے الزام میں اعلیٰ فوجی عہدیداروں سمیت 1400 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے جن میں جرنیل رینک کے افسران بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطرف شدہ اہلکاروں کی جگہ نئے مگر پرعزم نوجوانوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔ جنرل ہلال الدین ہلال نے بتایا کہ متعدد برطرف ملازمین اسلحہ، راشن چوری، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جاسوسی میں ملوث پائے گئے تھے، برطرف شدہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔