وراٹ ، جوشی اور پوار سمیت 89 ہستیاں پدم ایوارڈ سے سرفراز

نئی دہلی: 30 مارچ (تاثیر بیورو): ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کو جمعرات کو پدم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے انہیں پدم شری ایوارڈ دیا۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے سینئر رہنما مرلی منوہر جوشی اور این سی پی کے سربراہ شرد پوار کے علاوہ دھرم گرو جگی باسودیو ،گلوکار کیلاش کھیر سمیت 89 ہستیوں کو پدم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پدم ایوارڈ پانے والوں میں مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ سندر لال پٹوا اورلوک سبھا کے سابق اسپیکر پی اے سنگما کو بعد ازمرگ اور گلوکار یشوداس سمیت 7 ہستیوں کو یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ وراٹ کوہلی کے بطور کپتان اور کھلاڑی 2016-17 کا سیشن انتہائی شاندار رہا وہ مہندر سنگھ کے بعد آئی سی سی کی ٹسٹ رینکنگ میں بھارت کو نمبر 1 بنانے والے دوسرے کپتان بنے۔ وراٹ کوہلی کے علاوہ 7 اور اسپورٹس پرسن کو پدم شری ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ وراٹ کوہلی کے علاوہ جن کھلاڑیوں کو پدم ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا ان میں ریو اولمپک میں کانسے کا تمغہ حاصل کرنے والی پہلوان ساکشی ملک، پارا اولمپئن مریپن تھنگویلو اور دیپا ملک ، جمناشٹ دیپا کرماکر ،ہندستانی ہاکی ٹیم کے کپتان پی آر شری جیش، چکا پھینکنے والی کھلاڑی وکاس گوڑا اور نابینا کرکٹ ٹیم کے کپتان شیکھر نائک شامل ہیں۔ وراٹ کوہلی کو اس سال 15 جنوری کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ٹیم انڈیا کی کپتانی سونپی گئی تھی۔