اردو | हिन्दी | English
333 Views
Bihar News

بہار میں ماحول بگاڑنے کی لگاتار کوشش

nawada-05-04-2017-1491401976_storyimage
Written by Tariq Hasan

پٹنہ 05 اپریل (تاثیر بیورو): رام نومی کے موقع پر ریاست کے مختلف حصوں میں شرپسندوں کے ذریعہ ماحول بگاڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔ نوادہ کے بعد روہتاس اور مدھوبنی سے بھی فرقہ وارانہ تصادم کے بعد حالات کے کشیدہ ہونے کی خبر ہے۔ ان تمام مقامات پر اقلیتی فرقے کی دکانوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچائے جانے کی خبر ہے۔ نوادہ میں بدھ کو جنتا دل یو کے ایم ایل سی سلمان راغب کے گھر پر شرپسندوں نے حملہ کیا اور توڑ پھوڑ مچائی۔ ادھر روہتاس ضلع کے بکرم گنج میں رام نومی کے موقع پر دو گروہوں میں کشیدگی کی خبر ہے۔ مشتعل لوگوں نے ایک ٹرک کو نذر آتش کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بکرم گنج تھانہ چوک کے نزدیک بدھ کی شام شرپسند عناصر نے جانور سے لدے ایک ٹرک کو روک کر جانوروں کو بھگادیا اور ٹرک میں آگ لگادی۔ اس واقعہ کے بعد دوسرے فریق کے لوگ مشتعل ہوکر سنگ باری کرنے لگے۔ اس میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ مشتعل لوگوں نے بکرم گنج میں دکانوں میں توڑ پھوڑ اور آتشزنی بھی کی گئی۔ پولس موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ مدھوبنی سے ہمارے نمائندے سفیان احمد کی اطلاع کے مطابق ضلع کے راج نگر تھانہ میں واقع رمپٹی گاؤں کے رام نومی کا جلوس تیکھاہی جانے کے دوران دو فرقوں میں جھڑپ ہوگئی جس میں کئی زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم، ایس پی، ایس ڈی او اور ڈی ایس پی کئی تھانہ کی فورس کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ ابھی بھی ضلع انتظامیہ کے سبھی افسران کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اس واقعہ میں مسلمانوں کی کئی دکانیں نذر آتش کردی گئی ہیں اورقبرستان کی دیوار کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے جس کی وجہ سے حالات کشیدہ ہیں ۔ اسے دیکھتے ہوئے ضلع و پولیس انتظامیہ جائے واقعہ کی سڑک کو احتیاطاً بند کردیا ہے۔

About the author

Tariq Hasan