اسمتھ اور وارنر میں برتری کی جنگ آج

پونے ، 21 اپریل (یواین آئی) کپتان اسٹیون اسمتھ کی قیادت والی رائزنگ پونے سپرجائنٹس کی ٹیم کو انڈین پریمیئر لیگ میں اتار چڑھاو کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن گزشتہ میچ میں جیت کے بعد اس کا حوصلہ کچھ مضبوط ہوا ہے اور وہ زبردست فارم میں کھیل رہی ڈیوڈ وارنر کی سن رائجرس حیدرآباد کی ٹیم کے خلاف ہفتہ کو یہاں اپنے گھریلو میدان پر جیت حاصل کرکے اپنی پرفارمنس کو برقرار رکھنے کی ہرممکن کوشش کرے گی ۔پونے کی آئی پی ایل میں اب تک کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی ہے اور اس نے پانچ میں سے صرف دو میچ جیتے ہیں جبکہ تین میں اسے شکست کھانی پڑی ہے اور پوائنٹ ٹیبل میں وہ ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔ وہیں گزشتہ چمپئن وارنر کی ٹیم حیدرآباد چھ میں چار میچ جیت کر تیسرے نمبر پر ہے ۔ مسلسل میچ ہارنے والی پونے نے گزشتہ میچ میں بنگلور کو اسی کے میدان پر 27 رن سے شکست دی تھی جبکہ حیدرآباد نے بھی اپنے گزشتہ میچ میں دہلی ڈیئر ڈیولس کو 15 رن سے شکست دی تھی۔ اگرچہ موجودہ صورتحال کے مطابق وارنر کی ٹیم کافی مضبوط دکھائی دے رہی ہے اور بہتر پوزیشن میں بھی ہے ۔پونے نے اپنے گزشتہ میچ میں بلے اور گیند سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم کے پاس اجنکیا رہانے ، راہل ترپاٹھی، اسٹیون اسمتھ، مہندر سنگھ دھونی اور بین اسٹوکس جیسے زبردست بلے بازی آرڈر ہے اور جے دیو انادکٹ، شاردل ٹھاکر، عمران طاہر اور ڈینیل کرسٹین جیسے اہل گیندباز بھی موجود ہیں۔ پونے کے پاس بہترین لائن اپ ہے لیکن ٹیم جیت حاصل نہیں کرپارہی ہے ۔اسمتھ کی ٹیم کو اب میدان پر جیت کا جذبہ دکھانا ہوگا۔ کپتان اسمتھ ٹیم کے بہترین اسکورر ہیں جنہوں نے چار میچوں میں 180 رن بنائے ہیں تو وہیں رہانے اور اسٹوکس بھی بڑے اسکورر ہیں اور مسلسل ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گیند بازوں میں پونے کے سب سے زیادہ کامیاب کھلاڑی جنوبی افریقہ کے گیندباز عمران طاہر ہیں جنہوں نے پانچ میچوں میں 20.12 کے اوسط سے آٹھ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹھاکر،ا سٹوکس جمپا نے بھی گیندبازی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ حیدرآباد کے خلاف بھی ان گیند بازوں نے شاندار کارکردگی پیش کی تھی۔
اگرچہ گیندبازی میں زیادہ مضبوط نظر آنے والی حیدرآباد نے گزشتہ میچ میں بلے سے بھی کافی شاندار مظاہرہ کیا تھا اور 192 کا بڑا ہدف حریف ٹیم کے سامنے رکھا تھا۔ کپتان وارنر چھ میچوں میں 239 رن کے ساتھ سب سے بہترین بلے باز بھی ہیں جس میں ان کی دو نصف سنچری بھی شامل ہیں اور یقیناً اپنے ساتھی کھلاڑی اور حریف کپتان اسمتھ کی طاقت اور کمزوریوں سے بھی واقف ہوں گے جو اگلے میچ میں کافی اہم ثابت ہو گی۔سلامی بلے باز شکھر دھون 205 رن کے ساتھ دوسرے بہترین بلے باز ہیں تو کین ولیمسن نے ٹیم کے لیے پہلے ہی مقابلے میں 89 رن کی اننگز کھیل کر حیدرآباد کے بلے بازی آرڈر کو کافی طاقت دی ہے۔

۔ مڈل آرڈر میں لیکن یوراج سنگھ کی خراب فارم جاری ہے جو گزشتہ میچ میں بھی تین رن ہی بنا سکے تھے ۔ گیند بازوں کے لیے مشہور حیدرآباد کیلئے بھونیشور کمار، محمد سراج، سدھارتھ کول، راشد خان اچھی کارکردگی پیش کر رہے ہیں اور ان کھلاڑیوں نے ٹیم کے لئے ہر اسکور کا دفاع کرکے اس کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ تیز گیند باز بھونیشور اور راشد کامیاب گیندباز ہیں اور امید ہے کہ پونے کے بلے بازوں کو مزید رن بنانے سے روکنے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔