ایم سی ڈی الیکشن میں آر جے ڈی امیدوار بھی اپنی قسمت آزمائیں گے : لالو

پٹنہ، 02 اپریل (یو این)راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے انتخابات میں ان کی پارٹی امیدوار کھڑا کرے گی۔ مسٹر یادو نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ایم سی ڈی کے انتخابات میں آر جے ڈی نے چندسیٹوں پر اپنے امیدوار اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی نے اس کے لئے تیاری شروع کر دی ہے ۔ انہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں خرابی کی اعلی سطحی جانچ کرائے جانے کا ایک مرتبہ پھرمطالبہ کیا۔ آر جے ڈی صدر نے کہا کہ پنچایت انتخابات کے وقت انہوں نے ای وی ایم کے استعمال کئے جانے کی بات کہی تھی جس کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)نے مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں کئی لیڈر ای وی ایم میں خرد برد کی بات کہہ رہے ہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی گؤ کشی کاقانون نافذ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کی پالیسی کی وجہ سے بہار میں ایشیا کا سب سے بڑا اورمعروف مویشیوں کے میلے میں جانوروں کی کمی محسوس کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو نقصان ہو رہا ہے ۔ آر جے ڈی صدر نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس) سربراہ موہن بھاگوت کو صدر بنائے جانے کی بحث پر کہا کہ آر ایس ایس بی جے پی کی ہی ہے ۔ حکومت جسے چاہے صدر بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ہر فرد اپنی رائے پیش کر رہا ہے اور کسی سے مشورہ نہیں لیا جا رہا ہے ۔