ایم سی ڈی پر پھر بی جے پی کا قبضہ

نئی دہلی، 26 اپریل (یو این آئی) دہلی کے تینوں میونسپل کارپوریشنوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی نے پھر سے قبضہ جمالیا ہے۔ بی جے پی نے تینوں کارپوریشنوں کی 270 سیٹوں میں سے 181، عام آدمی پارٹی نے 48 اور کانگریس نے 30 سیٹیں حاصل کی ہیں۔جنتادل یو ایک سیٹ جیت کر کھاتہ کھولنے میں کامیاب رہی ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے اس شاندار کامیابی کیلئے دہلی کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بی جے پی نے شمالی میونسپل کارپوریشن کی کُل 104 سیٹوں میں سے 53 پر، جنوبی میونسپل کارپوریشن کی 104 میں سے 53 اور شمالی میونسپل کارپوریشن کی 63 میں سے 35 سیٹوں پر اب تک جیت حاصل کرکے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے ۔ دہلی میونسپل کارپوریشنوں میں بی جے پی نے مسلسل تیسری بار اپنا پرچم لہرایا ہے ۔دہلی میں حکمراں عام آدمی پارٹی (آپ) کو ان انتخابات میں زبردست شکست ہوئی ہے ۔ گزشتہ دہلی اسمبلی انتخابات میں 70 میں 67 سیٹیں جیتنے والی آپ اس الیکشن میں بی جے پی سے بہت پیچھے ہوگئی ہے ۔مشرقی میونسپل کارپوریشن کی 63 سیٹوں پر الیکشن ہوئے جن میں 47 کے نتیجے آگئے ہیں جن میں 35 سیٹوں پر بی جے پی کو جیت ملی۔ دہلی میونسپل کارپوریشن میں 64 وارڈ ہیں اور موجپور وارڈ کے ایک امیدوار کی موت ہونے کے سبب وہاں الیکشن ملتوی کردیا گیا ہے ۔ یہاں عام آدمی پارٹی کو آٹھ، بہوجن سماج پارٹی اور کانگریس کو دو۔دو سیٹیں ملی ہیں۔ شمالی میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی اب تک اعلان کردہ 83 وارڈوں کے نتائج میں 53 پر کامیاب ہوئی ہے ۔ شمالی کارپوریشن میں کُل 104 وارڈ ہیں۔ سرائے پیپل تھلا وارڈ میں ایک امیدوار کی موت ہوجانے کے سبب الیکشن نہیں ہوا تھا۔ اب تک اعلان کردہ 83 وارڈوں کے الیکشن میں بی جے پی 53، عام آدمی پارٹی 17، کانگریس 11 اور دو پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔دہلی میونسپل کارپوریشنوں کے کُل 104 وارڈوں میں سے اب تک اعلان کردہ 76 وارڈوں کے انتخابی نتائج میں بی جے پی کو 53 وارڈوں پر جیت ملی ہے ۔ عام آدمی پارٹی 10 وارڈوں پر اور کانگریس آٹھ وارڈوں پر کامیاب ہوئی ہے ۔ سماج وادی پارٹی، انڈینل نیشنل لوک دل اور آزاد امیدوار ایک ایک وارڈ پر کامیاب ہوئے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی پر اعتماد ظاہر کرنے اور پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلانے کیلئے دارالحکومت کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔مسٹر مودی نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ بی جے پی پر اعتمادظاہر کرنے کے لئے دہلی کے عوام کا شکریہ۔ انہوں نے اس جیت کے لئے سخت محنت کرنے والے بی جے پی کارکنوں کی بھی تعریف کی ۔ مسٹر مودی نے لکھا بی جے پی کارکنوں کی ٹیم سخت محنت کے لئے تعریف کے مستحق ہیں۔ کارکنوں کی محنت کے بدولت ایم سی ڈی میں زبردست کامیابی ممکن ہوسکی۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ان انتخابات میں بی جے پی کو ملی زبردست کامیابی پر پارٹی کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابی نتائج مسٹر مودی کی قیادت اور پارٹی صدر امت شاہ کی تنظیمی صلاحیتوں پر عوام کے اعتماد کی مہر ہے ۔انہوں نے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا کہ ایم سی ڈی انتخابات میں زبردستکامیابی حاصل کرنے کے لئے بی جے پی کارکنوں اور دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری کو مبارک باد۔کئی دیگر مرکزی وزیر وں نے بھی کامیابی پر بی جے پی کارکنوں اور عوام کو مبارک باد دی ہے ۔