بکرم گنج کے سابق ممبر اسمبلی نے چلائی گولی، 1 ہلاک

بکرم گنج، 2اپریل (نمائندہ)۔ بہار کے روہتاس کے بکرم گنج میں سابق ممبر اسمبلی سوریہ دیو سنگھ نے اتوار کو زمینی تنازعہ میں گولی چلا دی۔ جس سے گاؤں کے ہی ایک بچی کی موت ہو گئی۔ وہیں چار زخمی ہو گئے۔ چاروں کو بکرم گنج کے نجی اسپتال کرونا نرسنگ ہوم میں داخل کرایا گیا ہے۔دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ وہیں موردالزام سابق ممبر اسمبلی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ اتوار کی شام تیندونی گاؤں میں یہ واقعہ رونما ہوا۔ چار بچے گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ قریب 13 سالہ بچی ہاجرہ خاتون کی موت علاج کرانے کے لئے اسپتال لے جاتے وقت راستے میں ہی ہو گئی۔ زخمی آٹھ سالہ لڑکے دیواکر کمار، 12 سالہ پرکاش کمار، چار سالہ بچہ ساحل کمار، اور قریب 35 سالہ نوجوان گڈو کمار کا علاج ایک نجی اسپتال میں کرایا گیا۔لیکن پرکاش کمار کی حالت سنگین دیکھ کر ڈاکٹروں نے بہتر علاج کے لئے دوسرے ہسپتال میں ریفر کر دیا۔ واقعہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ سابق ممبر اسمبلی ڈاکٹر سوریہ دیو سنگھ اور ان کے گوتیا کے درمیان سالوں سے زمین تنازعہ کا معاملہ چلا آ رہا تھا۔اسی درمیان ادھر کچھ دنوں سے دونوں کے درمیان خاص کشیدگی پیداہوگئی تھی۔ اس سلسلے میں روتے بلکتے زخمی ساحل کمار کے والدین انیتا دیوی نے بتایا کہ سبھی بچے گلی میں ایک ساتھ کھیل رہے تھے۔اسی درمیان گڈو کمار گھر سے نکل کر باہر جا رہے تھے۔تبھی چھت پر سے سابق ممبر اسمبلی سوریہ دیو سنگھ اور اس کے ساتھ ایک دوسرے شخص نے گولی چلا دی۔جس کی وجہ سے کھیل رہے سبھی بچوں سمیت گڈو کمار کو گولی لگ گئی۔